رسائی کے لنکس

’میں پنجاب نہیں جاوٴں گی‘


ہمایوں سعید کے بقول، ’’گذشتہ سال ’بن روئے‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ ہٹ ہوئیں اور اس سال میری پروڈیوس کردہ چار ٹی وی سیریلز ریٹنگز میں سرفہرست ہیں۔ ان تمام کامیابیوں کا کریڈٹ میں اپنی ٹیم کو دوں گا۔ یہ ہم سب کی کامیابی ہے‘‘

کراچی ...’میں ہوں شاہد آفریدی‘ جیسی ہٹ فلم پاکستانی سینما کو دینے والے اداکار اور پروڈیوسر، ہمایوں سعید کی جس نئی فلم کے بارے میں کئی دنوں سے لوگوں میں تجسس پھیلا ہوا تھا بالآخر ہمایوں سعید نے اس کا باقاعدہ اعلان کر ہی دیا۔ فلم کا نام ہے ۔۔۔’میں پنجاب نہیں جاوٴں گی‘۔

پبلسٹی فرم پچ میڈیا کی عنبر نے ’وائس آف امریکہ‘ سے فلم کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کے ہیرو تو ہمایوں سعید ہی ہیں، جب کہ ہیروئن ایمان علی ہوں گی۔

ہمایوں سعید کی ہوم پرودکشن ’میں پنجاب نہیں جاوٴں گی‘ رومینٹک کامیڈی ہے۔ فلم کی شوٹنگ کا جلد آغاز ہوگا۔

ہمایوں سعید فلم کے لئے یورپ میں لوکیشنز بھی دیکھ چکے ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر ندیم بیگ ہیں اور کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے۔

ہمایوں سعید رواں سال ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ کے سیکوئل سمیت چار فلمیں پروڈیوس کریں گے، جبکہ ان کی ڈرامہ سیریل ’دل لگی‘ بھی ناظرین میں بہت مقبول ہوئی ہے۔

ہمایوں سعید نے ڈرامے کی کامیابی اور آنے والے پروجیکٹس کے متعلق گفتگو میں کہا کہ وہ ڈرامہ دل لگی کی مقبولیت پر خدا کے شکر گزار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ”گذشتہ سال ’بن روئے‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ ہٹ ہوئیں اور اس سال میری پروڈیوس کردہ چار ٹی وی سیریلز ریٹنگز میں سرفہرست ہیں۔ ان تمام کامیابیوں کا کریڈٹ میں اپنی ٹیم کو دوں گا۔ یہ ہم سب کی کامیابی ہے۔“

XS
SM
MD
LG