رسائی کے لنکس

سمندری طوفان 'میتھیو' شدت اختیار کر گیا


ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران 25 سے 38 سینٹی میٹر تک بارشیں ہوں گی جب کہ جمیکا اور جنوب مغربی ہیٹی کے بعض علاقوں میں 63 سینٹی میٹر تک بارشوں کی توقع ہے۔

سمندری طوفان "میتھیو" شدت اختیار کر رہا ہے اور متوقع طور پر یہ آئندہ چند دنوں تک کیریبین خطے میں شدید بارشوں کا سبب بنا رہے گا۔

امریکی موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ میتھیو طاقتور درجہ "پنجم" میں داخل ہو چکا ہے اور یہ بحر اوقیانوس میں 2007ء میں آنے والے طوفان "فیلکس" کے بعد شدید ترین طوفان ہے۔

میتھیو طوفان 260 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواوں اور بلند سمندری لہروں کا سبب بنے گا اور یہ صورتحال اتوار کو بھی جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

طوفان اتوار کو دیر گئے جمیکا میں شدید بارشوں کا باعث بنے گا اور پیر کو اس علاقے میں شدید طوفانی ہوائیں چلیں گی۔

نیشنل ہوریکین سنٹر کے مطابق ہفتہ کو بحیرہ کیریبین سے ہوتا ہوا یہ طوفان اتوار کو دیر گئے جمیکا سے ٹکرائے گا۔ اتوار کو اس سے ہیٹی بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران 25 سے 38 سینٹی میٹر تک بارشیں ہوں گی جب کہ جمیکا اور جنوب مغربی ہیٹی کے بعض علاقوں میں 63 سینٹی میٹر تک بارشوں کی توقع ہے۔

ہوریکین سینٹر کے مطابق ان بارشوں سے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔

ہفتہ کو ہی اروبا، بون ایئر اور کوراکاو میں دس سینٹی میٹر جب کہ کولمبیا سے لے کر وینزویلا کی سرحد تک کے علاقوں میں بھی ایسی ہی بارشوں کی توقع ہے۔

XS
SM
MD
LG