رسائی کے لنکس

حیدرآباد میں پولیس موبائلوں پر فائرنگ، پانچ اہلکار ہلاک


لطیف آباد نمبر 8 میں اے سیکشن کی موبائل چائے کے ایک ہوٹل کے قریب کھڑی تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی

کراچی ۔۔۔۔ صوبہٴسندھ کے دوسرے سب سے بڑے شہر، حیدرآباد میں منگل کو پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پولیس اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پہلا واقعہ لطیف آباد نمبر 8 میں اس وقت پیش آیا جب اے سیکشن کی موبائل چائے کے ایک ہوٹل کے قریب کھڑی تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے جنہوں فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ تاہم، چار اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

یہ اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں چائے پینے کے لئے ہوٹل پر بیٹھ گئے جہاں تین موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ تھانہ سخی پیر میں پیش آیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ تاہم، ان میں سے ایک اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
XS
SM
MD
LG