رسائی کے لنکس

میں اپنا کوئی کردار ’ریپیٹ ‘ نہیں کرتی اور اگر کوئی کردار سمجھ میں نہ آئے تو منع کردیتی ہوں۔ عام طور پر ٹی وی انڈسٹری میں لوگ ’نہ ‘ کرتے ہوئے ڈرتے ہیں

ٹی وی کی دنیا کا جانا پہچانا نام شیویتا تیواری کم کم شوز میں نظر آتی ہیں لیکن جس شو میں بھی آتی ہیں،بہترین اداکاری سے اپنی چھاپ چھوڑ جاتی ہیں۔
سن2001میں ’کسوٹی زندگی کی‘ سے شہرت حاصل کرنے والی شیویتا کہتی ہیں کہ وہ مختلف اور روایت سے ہٹ کے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں اور اسی لئے ہمیشہ درست کیریکٹر کا انتظار کر تی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے باتیں کرتے ہوئے تیکھے نین نقش اور دلکش شخصیت کی مالک شیویتا نے کہا کہ میں اپنا کوئی کردار ’ریپیٹ ‘ نہیں کرتی اور اگر کوئی کردار سمجھ میں نہ آئے تو منع کردیتی ہوں۔ عام طور پر ٹی وی انڈسٹری میں لوگ ’نہ ‘ کرتے ہوئے ڈرتے ہیں لیکن میں کسی عدم تحفظ کا شکار نہیں، کوئی رول سمجھ نہ آئے تو میں ’نو‘ کہنے میں دیرنہیں لگاتی۔
’بگ باس سیزن فور‘ کی فاتح شیویتا تیواری ٹی وی پر پیش کئے جانے والے رئیلٹی شوز کی دیوانی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رئیلٹی شوز ایسا پلیٹ فارم ہیں جہاں آپ اپنی شخصیت کا بھرپور اظہار کرسکتے ہیں۔
’رئیلٹی شوز میں مجھے کوئی اور کیریکٹر ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔آپ جو ہیں، جیسے ہیں ویسے ہی نظر آتے ہیں۔ آپ کی سخت محنت اور ٹیلنٹ ہی آپ کو رئیلٹی شو میں کامیابی دلا سکتا ہے۔اسی لئے مجھے رئیلٹی شوز بے حد پسند ہیں۔‘
شیویتا نے دانس رئیلٹی شو ’نچ بلئے‘ میں بھی حصہ لیا اور جلد ہی وہ ’جھلک دکھلا جا6‘ میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتی دکھائی دیں گی۔
شیویتا ’جھلک دکھلا جا‘ کو سب سے مشکل رئیلٹی شو قرار دیتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں ” جھلک دکھلا جا دیگر رئیلٹی شوز جیسا نہیں ہے۔دوسرے رئیلٹی شوز میں اتنی محنت نہیں کرنا پڑتی جتنی جھلک دکھلا جا میں کرنا پڑتی ہے۔ اس میں ڈانس کی مخصوص فارم میں رہ کرکام کرنا پڑتا ہے۔ نہ آپ خود سے کوئی اسٹیپ لے سکتے ہیں اور نہ ہی ججز اور آڈینز کو دھوکہ دے سکتے ہیں۔“
شیویتا اپنے کریڈٹ پر ’کہیں کسی روز‘ اور ’کیا حادثہ ، کیا حقیقت ‘ جیسے ہٹ شوز بھی رکھتی ہیں اور آج کل وہ ماں باپ اور بچوں کے تعلقات پر بنائی گئی سیریل ’ پرورش ۔کچھ کھٹی، کچھ میٹھی‘ میں ’سوئٹی‘ کا کردار نبھا رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG