رسائی کے لنکس

ٹی وی چینل سے سلمان بٹ کے معاہد ے پر اظہار ناراضگی


ٹی وی چینل سے سلمان بٹ کے معاہد ے پر اظہار ناراضگی
ٹی وی چینل سے سلمان بٹ کے معاہد ے پر اظہار ناراضگی

عالمی کرکٹ کپ کے میچوں پر ماہرانہ تبصروں کے لیے پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ کے معاہدے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعتراض کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

سلمان بٹ(فائل فوٹو)
سلمان بٹ(فائل فوٹو)

تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی ٹرِبیونل کے سربراہ مائیکل بیلوف سے ایک خط کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ سلمان بٹ نے یہ معاہدہ کر کے اُن پر لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔

آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی ٹرِبیونل نے رواں ماہ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بٹ پر انگلینڈ کے خلاف ”میچ فکسنگ“ کے الزامات ثابت ہونے پر دس سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی تھی۔ محمد آصف اور محمد عامر کو بھی سٹے بازی کے اس سکینڈل میں ملوث ہونے پر بالترتیب سات اور پانچ سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی۔

تینوں کھلاڑیوں کو دی گئی اس سزا کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اُن کے معاہدے ختم کردیے جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان نے انھیں نوکریوں سے بھی فارغ کردیا۔

سلمان بٹ نے پاکستان کے’ چینل ۵ ‘ کے ساتھ معاہد ہ کیا ہے جس کے تحت وہ ورلڈ کپ میچوں پر ماہرانہ تبصرے کریں گے۔

آئی سی سی نے عالمی کپ میچوں کے دوران بدعنوانی اور سٹے بازی کے امکانات کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں میچ والے دن کھلاڑیوں پرسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوِٹر ‘ کے استعمال پر پابندی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG