رسائی کے لنکس

آئی سی سی نے 'ون ڈے ٹیم آف دی ایئر' کا اعلان کردیا


آئی سی سی نے 'ون ڈے ٹیم آف دی ایئر' کا اعلان کردیا
آئی سی سی نے 'ون ڈے ٹیم آف دی ایئر' کا اعلان کردیا

'انٹرنیشنل کرکٹ کونسل' نے اس سال کی 'آئی سی سی ون ڈے ٹیم' کا اعلان کردیا ہے۔ سن 2011ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ورلڈ الیون کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ٹیم کا اعلان پیر کو لندن میں آئی سی سی کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا۔

ٹیم میں بھارت کے سب سے زیادہ چار کھلاڑی شامل ہیں تاہم ان میں ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کا نام موجود نہیں۔ دھونی کے علاوہ ٹیم میں اوپنر وریندر سہواگ، مڈل آرڈر بلے باز یووراج سنگھ اور فاسٹ بالر ظہیر خان موجود ہیں۔

'ورلڈ الیون' میں پاکستان کے صرف ایک کھلاڑی فاسٹ بالر عمر گل اپنی جگہ بنا پائے ہیں جبکہ انگلینڈ کے گریم سوان ٹیم میں شامل واحد اسپنر ہیں۔

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے دو، دو کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں۔ سری لنکن اوپنر تلکا رتنے دلشان اور کمار سنگاکارا جبکہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلئرز اور ڈیل اسٹین ٹیم میں شامل ہیں جبکہ آسٹریلین آل رائونڈر شین واٹسن بھی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ٹیم کے کپتان مقرر کیے جانے والے دھونی بدستور چوتھے برس بھی 'ورلڈ الیون' میں وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

ٹیم کے انتخاب کے لیے آئی سی سی نے لیجنڈ بلے باز اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کی سربراہی میں ایک خصوصی سلیکشن پینل مقرر کیا تھا جس کے ارکان میں پاکستان کے سابق کپتان ظہیر عباس، سابق انگلش کپتان مائیک گٹنگ، نیوزی لینڈ کے سابق بالر ڈینی موریسن اور جنوبی افریقہ کے سابق بالر پال ایڈمز شامل تھے۔

آئی سی سی کی 'او ڈی آئی ٹیم آف دی ایئر' میں شامل کھلاڑیوں کے نام (بیٹنگ آرڈر میں) یہ ہیں: تلکا رتنے دلشان، وریندر سہواگ، کمار سنگاکارا، اے بی ڈی ویلئرز، شین واٹسن، یووراج سنگھ، مہندرا سنگھ دھونی (کپتان اور وکٹ کیپر)، گریم سوان، عمر گل، ڈیل اسٹین اور ظہیر خان۔

XS
SM
MD
LG