رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ 2015 کی ٹرافی پاکستان میں


مصباح الحق (فائل)
مصباح الحق (فائل)

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی پوری ٹیم دنیائے کرکٹ کے اس مشکل اور اہم ٹورنامنٹ کی تیاریوں پر توجہ دے رہی ہے۔

کرکٹ کے عالمی کپ 2015ء کی ٹرافی ان دنوں عالمی دورے پر ہے جہاں بدھ کو پاکستان کے شہر لاہور میں اس کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے مینار پاکستان میں اس ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے کہا کہ 1992ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی فتح اب بھی پاکستانیوں کے ذہنوں پر نقش اور ان کی ٹیم یہ تاریخ دہرانے کے لیے پرعزم ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء 14 فروری سے 29 مارچ تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔ 1992ء کا ورلڈ کپ بھی ان ہی دونوں ملکوں میں کھیلا گیا تھا۔

شائقین کی ان مقابلوں میں دلچسپی بڑھانے کے لیے آئی سی سی اس ٹرافی کو دنیا کے مختلف ملکوں میں بھیج رہی ہے۔

جولائی سے اب تک یہ ٹرافی بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، برطانیہ، اسکاٹ لینڈ، ویلز، آئرلینڈ اور پاپوا نیو گنی جاچکی ہے جب کہ جنوبی افریقہ اس کی اگلی منزل ہے۔ ٹرافی کو متحدہ عرب امارات، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز بھی لے جایا جائے گا۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی پوری ٹیم دنیائے کرکٹ کے اس مشکل اور اہم ٹورنامنٹ کی تیاریوں پر توجہ دے رہی ہے۔" کھلاڑیوں کے حوصلے اور پاکستانی شائقین کی دعاؤں سے ہمیں امید ہے کہ ہم ایک بار اسے فتح کریں گے۔"

لاہور سے یہ ٹرافی کراچی پہنچے گی جہاں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اس کی رونمائی کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG