رسائی کے لنکس

راولپنڈی: امام بارگاہ کے قریب دھماکا، تین افراد ہلاک


بتایا جاتا ہے کہ مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں بھی تین کا تعلق پولیس ہی سے ہے

راولپنڈی میں ائیرپورٹ کے قریبی علاقے گریسی لین میں امام بارگاہ اثناٴعشری کے قریب دھماکے سے تین افراد ہلاک اور کم از کم پانچ زخمی ہوگئے۔

مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں بھی تین کا تعلق پولیس سے بتایا جا رہا ہے۔

سی سی پی او راولپنڈی نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا ’خاصا زور دار تھا جس کی آواز دور تک سنی گئی،‘ جبکہ، دھماکے کی گرج سے کئی عمارتوں اور قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ کر دور جاگرے۔

دھماکے کے نتیجے میں کچھ موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ’ریسکیو‘ ٹیموں نے اسپتال منتقل کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، دھماکے کی جگہ کو پولیس اور حساس اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی کو بھی جائے وقوع پر جانے نہیں دیا جا رہا۔ پولیس اہلکاروں نے دھماکے سے جڑے شواہد اکٹھا کر لئے ہیں۔

ساتھ ہی، امدادی ٹیموں نے بھی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے بینظیر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
XS
SM
MD
LG