رسائی کے لنکس

آئی ایم ایف کی سربراہی: فرانسیسی وزیر خزانہ کا بھارتی دورہ ناکام


بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکرجی نئی دہلی میں فرانسیسی وزیر خزانہ کرسٹین لاگارڈے کا استقبال کررہے ہیں۔
بھارتی وزیر خزانہ پرناب مکرجی نئی دہلی میں فرانسیسی وزیر خزانہ کرسٹین لاگارڈے کا استقبال کررہے ہیں۔

آئی ایم ایف کی سربراہی کے لیے بھارتی حمایت حاصل کرنے کی غرض سے فرانسیسی وزیر خزانہ کرسٹین لگاردے کا دورہ ناکام ہوگیا ہے۔ آئی ایم ایف کی سربراہی کا فیصلہ اگلے ماہ ہوگا۔

لگاردے نے منگل کے روز بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور وزیر خزانہ پرناب مکھرجی سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ وہ ان دنوں اپنے لیے حمایت حاصل کرنے کی مہم پر دنیا کے دورے پر ہیں۔ بھارت کے بعد ان کی اگلی منزل برازیل ہے جس کے بعد توقع ہے کہ وہ چین اور کئی افریقی ممالک میں بھی جائیں گی۔

اگرچہ فرانسیسی وزیر خزانہ کو بھارت میں اپنے لیے حمایت حاصل نہیں ہوئی تاہم ان کا کہناہے کہ بھارتی عہدے داروں کے ساتھ ان کی ملاقات شاندار رہی۔

مکھرجی نے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف یا ورلڈ بینک کے سربراہ کا انتخاب میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر شفاف انداز سے ہونا چاہیے۔

ان کا کہناتھا کہ بھارت آئی ایم ایف کی سربراہی کے لیے کسی متفقہ امیدوار تک پہنچنے کے لیے برازیل، روس، چین اور جنوبی افریقہ کے ساتھ مل کرکام کرے گا۔

کرسٹین لگاردے کے مقابلے میں اعلانیہ طورپر سامنے آنے والے دوسرے واحد امیدوار میکسیکو کے سینٹرل بینک کے سربراہ آگسٹین کارسٹنس ہیں۔گذشتہ ہفتے برازیل کے اپنے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا تھاکہ لاطینی ممالک آئی ایم ایف میں بہتر نمائندگی کا استحقاق رکھتے ہیں۔

توقع ہے کہ آئی ایم ایف اپنے سربراہ کے انتخاب کے لیے امیدواروں کے ناموں کااعلان 17 جون کو کرے گا جب کہ اس چناؤ 30 جون کو ہوگا۔

XS
SM
MD
LG