رسائی کے لنکس

بھارت: جنسی زیادتی اور آتشزنی کا شکار پندرہ سالہ لڑکی دم توڑ گئی


فائل فوٹو

فائل فوٹو

پولیس نے ایک 20 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر نئی دہلی کے مضافات میں ایک گاؤں میں پیر کو لڑکی سے جنسی زیادتی کرنے اور آگ لگانے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق 15 سالہ لڑکی جسے رواں ہفتے جنسی زیادتی کے بعد آگ لگا دی گئی تھی، نئی دہلی میں ایک اسپتال میں دم توڑ گئی جہاں اسے شدید زخمی حالت میں داخل کرایا گیا تھا۔

پولیس نے ایک 20 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر نئی دہلی کے مضافات میں ایک گاؤں میں پیر کو لڑکی سے جنسی زیادتی کرنے اور آگ لگانے کا الزام ہے۔

بھارت میں جنسی زیادتی کا سامنے آنے والا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

حملے کے نتیجے میں لڑکی کا 95 فیصد جسم جل گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق بدھ کو وہ اسپتال میں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

لڑکی کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ یہ شخص کئی ماہ سے اس کا پیچھا کر رہا تھا۔ لڑکی کے والد نے اس شخص کے خلاف پولیس میں ایک شکایت بھی درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے گزشتہ سال اسے متنبہ کیا تھا۔

منگل کو اس شخص پر کئی جرائم کا الزام عائد کیا گیا جس میں جنسی زیادتی اور اقدام قتل شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق چونکہ لڑکی کی موت واقع ہو گئی ہے اس لیے اب اقدام قتل کے الزام کو قتل میں بدل دیا جائے گا۔

بھارت میں حالیہ سالوں میں عورتوں اور بچیوں سے جنسی زیادتی کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ تین سال قبل نئی دہلی میں چلتی بس پر ایک لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر ملک بھر میں احتجاج کے بعد قوانین میں سختی کے باوجود ایسے واقعات آئے روز منظر عام پر آتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG