رسائی کے لنکس

صومالی قزاقوں نے 21 بھارتی ملاح چھوڑ دیے


صومالی قزاقوں نے 21 بھارتی ملاح چھوڑ دیے
صومالی قزاقوں نے 21 بھارتی ملاح چھوڑ دیے

بھارتی جہاز رانی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ صومالی قزاقوں نے اگست میں جس کیمیکل آئل ٹینکر جہاز کویرغمال بنایا تھا، اس کے عملے کے تمام 21 بھارتی باشندے رہا ہوگئے ہیں۔

ایک بھارتی شپنگ کمپنی کے ترجمان نے ہفتے کی رات بتایا کہ بحری جہاز ایم وی فیئر شن بوگی اور اس کے عملے کے ارکان ایک محفوظ بندر گاہ کی جانب سفر کررہے ہیں۔

ترجمان نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ ان کی رہائی کس طرح عمل میں آئی اور یہ کہ آیا اس کے لیے تاوان ادا کیا گیا یا نہیں۔

مارشل آئی لینڈز کے پرچم بردار بحری جہاز کو 20 اگست کو اس وقت یرغمال بنا لیا گیاتھا جب وہ عمان کی صلالہ بندرگاہ پر لنگر انداز تھا۔

جہاز راں کمپنی کے عہدے داروں نے ہفتے کے روز کہا کہ اس وقت بھی 22 بھارتی ملاح صومالی قزاقوں کی قید میں ہیں جنہیں بحرہ ہند میں سفر کرنے والے مختلف بحری جہازوں سے قزاقوں نے یرغمال بنایا تھا۔

تاوان کی غرض سے قزاقی صومالیہ میں ایک منظم اور منافع بخش عمل بن چکاہے جس کا دائرہ اب ملکی ساحلوں سے باہر ایک وسیع علاقے تک پھیل گیا ہے۔

بین الاقوامی بحری فورسز قزاقی روکنے کے لیے صومالیہ کے ساحلی علاقوں کے قریب گشت کرتی رہتی ہیں۔ اسی طرح جہاز راں کمپنیوں نے بھی اغوا سے بچنے کے لیے اپنی سیکیورٹی میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس میں مسلح محافظوں کی بھرتی اور ایک ایسے محفوظ کمرے کی تعمیر شامل ہےجہاں عملے کے ارکان قزاقوں کے جہاز پر چڑھ آنے کی صورت میں پناہ لے سکیں۔

XS
SM
MD
LG