رسائی کے لنکس

بھارت: خاتون سیاح سے جنسی زیادتی کے ملزمان کو عمر قید


فائل فوٹو

فائل فوٹو

ملزمان خاتون کو راستہ پوچھنے پر دھوکے سے ایک سنسان جگہ لے گئے اور وہاں چاقو کی نوک پر ان سے جنسی زیادتی کی۔

بھارت میں ڈنمارک کی ایک سیاح خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے پانچ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

دو سال قبل 51 سالہ خاتون نے نئی دہلی میں اپنے ہوٹل کا راستہ معلوم کرنے کے لیے سڑک پر کھڑے ان لوگوں سے رابطہ کیا تھا، جو انھیں ورغلا کر ایک سنسان جگہ پر لے گئے اور وہاں چاقو کی نوک پر انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

جمعہ کو نئی دہلی میں جج رمیش کمار نے ملزمان کی موجود میں عمر قید کی سزا سنائی۔ ملزمان اس سزا کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔

بھارت میں حالیہ برسوں میں خواتین سے جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے جن میں متعدد غیر ملکی خواتین کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد مختلف ممالک نے بھارت کے لیے سفر کرنے والے اپنے شہریوں کے لیے خصوصی انتباہ بھی جاری کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ واقعات ملک کے بڑے شہروں میں رونما ہوئے ہیں۔ دسمبر 2012ء میں نئی دہلی میں ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ بس میں اجتماعی جنسی زیادتی اور پھر زدوکوب کر کے اسے چلتی بس سے پھینکے کے واقعے سے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

یہ لڑکی کئی روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

حکومت نے خواتین پر تشدد خصوصاً جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے قوانین کو سخت تو کیا ہے لیکن اب بھی ایسے واقعات آئے روز منظرعام پر آتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG