رسائی کے لنکس

افضل گُرو کو پھانسی دیے جانے کا معاملہ پھر گرم، دہلی حکومت محتاط انداز میں پھانسی دیے جانے کی حامی


افضل گُرو
افضل گُرو

پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کے معاملے میں مجرم قرار دیے گئے سزائے موت کے منتظر افضل گُرو کا معاملہ ایک بار پھر گرم ہوگیا ہے۔

دہلی حکومت نے افضل گُرو کو پھانسی دینے کی حمایت کی ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ ایسا کرتے وقت اِس بات پر باریکی سے نظر رکھنی ہوگی کہ امن و قانون کی صورتِ حال پر اِس کے کیا اثرات پڑتے ہیں۔

واضح رہے کہ مرکزی وزیرِ داخلہ پی چدم برم کے اِس بیان کے بعد کہ دہلی حکومت افضل گُرو کی فائل دبائے ہوئے ہے، یہ معاملہ سُرخیوں کی زینت بن گیا۔

وزیرِ اعلیٰ شیلا ڈکشٹ نے پہلے تو رحم کی اپیل کے سلسلے میں مرکز کے کسی خط سے لاعلمی کا اظہار کیا لیکن منگل کو کہا کہ افضل کی فائل لیفٹیننٹ گورنر تجندر کھنا کے پاس بھیج دی گئی ہے۔ ادھر گورنر نے بعض باتوں کی وضاحت کی خاطر فائل لوٹا دی جسے ذرائع کے مطابق بدھ کے روز دوبارہ گورنر کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔

دریں اثنا، بی جے پی نے پارلیمنٹ کے نزدیک جنتر منتر پر مظاہرہ کرکےا فضل کو جلد از جلد پھانسی دیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اِس موقعے پر بی جے پی رہنما، مختار عباس نقوی نے کہا کہ افضل یا قصاب جیسے لوگوں کو پھانسی پر چڑھایا جائے اور ساتھ ہی ساتھ کانگریس پارٹی اور حکومت یہ کہنے پر کروڑوں مسلمانوں سے معافی مانگے کہ اگر افضل گُرو کو پھانسی دی گئی تو کچھ مسلم علاقوں میں تناؤ پیدا ہوگا۔

اُدھر، بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے وزیر ِ اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا ہے کہ افضل کو پھانسی دینے کے لیے قانونی عمل سے گزرنا ہوگا۔ میڈیا کو اِس سے پہلے ہی افضل کو پھانسی دینے سے گریز کرنا چاہیئے۔

XS
SM
MD
LG