رسائی کے لنکس

بھارت: ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے، ایک خاتون ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق مرکزی شہر چنئی کے ریلوے اسٹیشن پر بنگلور سے گوہاٹی جانے والی ریل گاڑی جیسے ہی داخل ہوئی تو اس میں دو بم دھماکے ہوئے۔

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریلوے اسٹیشن پر جمعرات کی صبح یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں ایک خاتون ہلاک اور نو افراد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق مرکزی شہر چنئی کے ریلوے اسٹیشن پر بنگلور سے گوہاٹی جانے والی ریل گاڑی جیسے ہی داخل ہوئی تو اس میں دو بم دھماکے ہوئے۔

جنوبی ریلوے کے جنرل منیجر راکیش مشرا نے صحافیوں کو بتایا کہ دھماکے کم شدت کے تھے۔ ان کے بقول ایک بم اس سیٹ کے نیچے رکھا گیا تھا جس پر بیٹھی 22 سالہ لڑکی کی اس دھماکے میں موت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نو زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

"پولیس جائے وقوع سے شواہد جمع کر کے تحقیقات کر رہی ہے اور اس واقعے کے محرکات جاننے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔"

فوری طور پر ان دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

یہ ریل گاڑی اپنے مقررہ وقت سے کچھ تاخیر سے یہاں پہنچی تھی لہذا حکام اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں کہ ان دھماکوں کا ہدف چنئی ریلوے اسٹیشن ہی تھا۔

بھارت میں عام انتخابات کے سات مرحلے مکمل ہو چکے ہیں جب کہ دو ابھی باقی ہیں۔ چناؤ کی وجہ سے ملک میں سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی ہے جب کہ ماؤ باغیوں نے اس دوران حملوں کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔
XS
SM
MD
LG