رسائی کے لنکس

بھارت: دولت مشترکہ گیمز کا سربراہ پولیس کی تحویل میں


بھارت: دولت مشترکہ گیمز کا سربراہ پولیس کی تحویل میں
بھارت: دولت مشترکہ گیمز کا سربراہ پولیس کی تحویل میں

بھارت کی ایک عدالت نے پچھلے سال دولت مشترکہ کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ کو، جنہیں ایک روز قبل بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا، پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے۔

پولیس شریش کلمادی کو تفتیش کے لیےآٹھ روز تک اپنی تحویل میں رکھے گی۔

سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ایک ترجمان دھرینی مشرا نے پیر کے روز کہا کہ شریش کلمادی کوٹائمر اور اسکور وں سے متعلق آلات کی خرید کے لیے ایک سوئس کمپنی کی مبینہ حمایت کے الزام میں پکڑا گیا ہے۔ دولت مشترکہ مقابلوں پر لگ بھگ چھ ارب ڈالر خرچ ہوئے تھے اور یہ تقریبات ملک کا ایک روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ذریعہ تھیں۔

کلمادی کا تعلق حکمران کانگریس پارٹی سے ہے، ان کا کہناہے کہ وہ بے قصور ہیں۔ ان کی گرفتاری وزیر اعظم من موہن سنگھ کی حکومت کے لیے ایک تازہ ترین دھچکاہے۔ ان کی حکومت نے رشوت کے اسکینڈلز کے خلاف اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات ان کے اصلاحات کے ایجنڈے پر اثرانداز ہوسکتے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں خلل پڑ سکتا ہے۔

پیر کے روز پولیس نے جنوبی ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ کی بیٹی پر ٹیلی کام کے لائسنسوں کے مبینہ اسکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ مارکیٹ سے کم قیمت پر موبائل فونز کے لائسنسوں کے اس اسکینڈل سے حکومت کو ممکنہ طورپر 40 ارب ڈالر کا نقصان ہواتھا۔

اس ماہ کے شروع میں بھارتی پولیس نے ٹیلی کام کے سابق وزیر اے راجا اور آٹھ دوسرے افراد پر موبائل فونز لائسنسوں کی فروخت میں کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔ سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن کا کہناہے کہ راجا اور دیگر افراد نے کچھ کمپنیوں کو مبینہ طورپر فائدہ پہنچانے کے لیے مارکیٹ سے کم قیمت پر لائسنس فروخت کیے تھے۔

XS
SM
MD
LG