رسائی کے لنکس

کامن ویلتھ کھیل: ڈوپ ٹیسٹ پر بھارت کی رانی یادیوکومعطل کردیا گیا


کامن ویلتھ کھیل: ڈوپ ٹیسٹ پر بھارت کی رانی یادیوکومعطل کردیا گیا
کامن ویلتھ کھیل: ڈوپ ٹیسٹ پر بھارت کی رانی یادیوکومعطل کردیا گیا

نئی دہلی میں کامن ویلتھ کھیلوں کےدسویں روز بھارت کوشدید دھچکہ لگا جب اُس کی ایک ایتھلیٹ کوڈوپ ٹیسٹ میں پکڑا گیا۔

گیمز فیڈریشن کے صدر مائیک فنیل نے میڈیا سے بات چیت میں اگرچہ ایتھلیٹ کا نام نہیں لیا، تاہم بعد میں پتا چلا کہ اُن کا نام رانی یادیو ہے۔

وہ ریس واکر ہیں اور ہفتےکے روز اُنھوں نے 20کلومیٹر مقابلے میں چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اُنھیں عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ اگر وہ بی -سیمپل کے تجربے میں بھی ناکام ثابت ہوئیں تو اُن پر دو سال کی پابندی لگائی جاسکتی ہے۔

کامن ویلتھ کھیلوں میں ڈوپنگ کا یہ تیسرا معاملہ ہے۔ اِس سے قبل یکے بعد دیگرے دو نائیجریائی کھلاڑی ڈوپ ٹیسٹ میں پکڑے گئے تھے۔

مائیک فینل نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں یہ بھی بتایا کہ اب تک 1300ڈوپ ٹیسٹ کیے گئے ہیں جِن میں تین کا پازیٹو ہونا کوئی برا ریکارڈ نہیں۔

اُدھر بدھ کے روز سری لنکا کو 72برسوں کے بعد کامن ویلتھ کھیلوں میں باکسنگ کا پہلا گولڈ میڈل ملا۔ مکے باز منجو وینارچی نے یہ ریکارڈ بنایا ۔ اُنھوں نے 56کلوگرام زمرے کے فائنل میں یہ کامیابی حاصل کی۔ وہ ساٹھ برسوں کے دوران سری لنکا کےلیے پہلے باکسنگ میڈلسٹ اور 72برسوں کے دوران پہلے گولڈ میڈلسٹ بن گئے ہیں۔

آسٹریلیا نے خواتین ہاکی مقابلوں کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو چار دو سے شکست دے کر کامن ویلتھ کھیلوں میں خواتین ہاکی مقابلے میں مسلسل دوسرا گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔

اِس سے قبل، 2006ء کے میلبورن کے کامن ویلتھ کھیلوں میں اُسے گولڈ میڈل ملا تھا۔مردوں کے ہاکی مقابلے میں انگلینڈ نے ساؤتھ افریقہ کو ایک صفر سے ہرا کر کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔ سنہ 2006میں بھی تیسرا نمبر حاصل کرکے اُس نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

بھارت کی مرد ہاکی ٹیم منگل کی رات میں سیمی فائنل کے مقابلے میں ٹائی ہوجانے کے بعد انگلینڈ کو پینلٹی اسٹروک دے کر فائنل میں پہونچ گئی ہے جہاں جمعرات کے روز اُس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

بھارت کی شوٹر حنا سدھو نے دسویں روز دس میٹر ایئر پسٹل کے مقابلے میں کانسی کا مقابلہ جیتا۔ ایک روز قبل، اُنھوں نے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

ٹیبل ٹینس مقابلے میں سونے دیورائے مردوں کے سنگل مقابلے کے سیمی فائنل میں سنگاپور کے گاؤ سے ہار گئے، جب کہ شوٹنگ میں 50میٹر رائفل سیمی فائنل میں گگن نارنگ ہارگئے۔

کھیلوں کے دسویں روز آسٹریلیا کے کُل تمغوں کی تعداد 69گولڈ میڈل کے ساتھ 159ہوگئی ہے۔بھارت، جو اب تک دوسرے نمبر پر تھا، اب تیسرے نمبر پر پہونچ گیا ہے۔انگلینڈ اور بھارت کے سونے کے تمغوں کی تعداد 32-32ہے۔ انگلینڈ کو 128تمغے ملے ہیں اور بھارت کو 91۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG