رسائی کے لنکس

بھارت :جینیاتی طریقے سے تبدیل شدہ بینگن کی کاشت پر پابندی


جب تک یہ بات یقینی نہیں ہوتی کہ یہ بینگن کھانے سے انسانی صحت متاثر نہیں ہوگی، اس کی کاشت کی اجازت نہیں دی جائے گی: بھارتی حکام

بھارتی عہدے داروں نے کہا ہے کہ وہ جینیاتی طریقے سے تبدیل کیے ہوئے ایک نئے بینگن کی تجارتی پیمانے پر کاشت کی اُس وقت تک اجازت نہیں دیں گے، جب تک اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید ریسرچ مکمل نہیں ہوجاتی کہ نئى قسم کا بیگن کھانے سے انسانی صحت متاثر نہیں ہوگی۔


بھارت کے تحفظِ ماحول کے وزیر جئے رام رامیش نے کہا ہے کہ حکومت نے اگرچہ اکتوبر میں کیڑے مکوڑوں سے محفوظ اس بیگن کی کاشت کی منظوری دے دی تھی لیکن لوگوں کا ردّ عمل اب تک منفی رہا ہے ۔
لہذا اُنہیں اس معاملے میں احتیاط سے کام لینا ہوگا اور مزید ریسرچ کا انتظار کرنا ہوگا۔

جینیاتی طریقے سے تبدیل کی ہوئى غذائى اشیا کی فصلوں کو اختصار کے لیے جی ایم فوڈ کہا جاتا ہے۔ اور یہ نئى قسم کا بیگن، بھارت میں کاشت کیا جانے والے پہلا جی ایم فوڈ ہوگا۔

نئى قسم کے بیگن کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس کی فصل کے لیے زیادہ کیڑے مار دوائیں درکار نہیں ہوں گی اور پیداوار زیادہ ہوگی۔ لیکن کئى مقامی عہدے داروں، تحفظِ ماحول کے حامیوں اور کچھ سیاست دانوں نے نئى ٹیکنالوجی کے محفوظ ہونے کے بارے میں خدشات ظاہر کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس بیگن کی کاشت کو روک دے۔

XS
SM
MD
LG