رسائی کے لنکس

بھارت: عیدِ قرباں جوش و خروش سے منائی گئی


وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں، ملک کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ عیدالضحیٰ کا تہوار عوام کے درمیان پیار، محبت اور امن و سلامتی کا ماحول پیدا کرے گا

دارالحکومت دہلی سمیت، پورے بھارت کے مسلمان روایتی جوش و خروش اور ملک و ملت کے حق میں امن و خوش حالی کی دعاؤں کے ساتھ عید الاضحیٰ منا رہے ہیں۔

مسلمانوں نے عیدگاہوں، مسجدوں اور میدانوں میں عیدِ قرباں کی نماز کی ادائگی کے بعد حسبِ توفیق سنتِ ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی پیش کی۔

دہلی کی تاریخی جامع مسجد میں بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نمازِ دوگانہ ادا کی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

اِس موقع پر صدر پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد انصاری اور وزیر اعظم من موہن سنگھ نے عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ موقع ہمیں بے لوث قربانی، جذبہٴایثار اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کی روایت کی یاد دلاتا ہے۔

صدر پرنب مکھرجی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ بلا لحاظِ مسلک و ملت، تمام ہندوستانیوں میں اتحاد و یگانگت کا جذبہ پیدا کرنے گی۔

نائب صدر حامد انصاری نے کہا کہ ہمیں امن و امان اور نیک جذبات کے ساتھ یہ تہوار منانا چاہیئے۔

وزیر اعظم نے من موہن سنگھ اپنے پیغام میں ملک کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ عیدالضحیٰ کا تہوار عوام کے درمیان پیار، محبت اور امن و سلامتی کا ماحول پیدا کرے گا۔

اِس موقع پر دوسرے سیاست دانوں نے بھی عوام کو عید قرباں کی مبارکباد پیش کی، یہاں تک کہ وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار اور گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی بھی مسلمانوں کو مبارکباد دینا نہیں بھولے۔

اُنھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تہوار ہمارے سماج میں بھائی چارہ اور اتحاد کا جذبہ پروان چڑھائے گا۔ ریاست اُتر پردیش میں بھی مسلمان مذہبی جذبے کے ساتھ عید
الاضحیٰ منا رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔


قربانی کے حوالے سے ہر سال کی طرح امسال بھی مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG