رسائی کے لنکس

بھارت: عام انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز


لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے بھارت میں نو مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے اور یہ عمل 12 مئی کو مکمل ہو گا

بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز پیر کو ہوا۔

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک بھارت میں اہل ووٹروں کی تعداد لگ بھگ 81 کروڑ 50 لاکھ ہے۔

لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے بھارت میں نو مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے اور یہ عمل 12 مئی کو مکمل ہو گا جب کہ 16 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بھارت کے گزشتہ عام انتخابات کے بعد لگ بھگ 10 کروڑ مزید اہل ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں میں شامل کیے گئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں انتخابی عمل کا آغاز بھارت کی ریاست آسام میں ہوا، جہاں صبح ہی سے ووٹروں کی طویل قطاریں نظر آئیں۔

543 نشستوں پر مشتمل لوک سبھا میں کسی بھی جماعت یا اتحاد کو حکومت سازی کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

بھارت کے ان عام انتخابات میں حکمران کانگریس پارٹی اور حزب مخالف کی بڑی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

بھارتی جنتا پارٹی کی طرف سے نریندر مودی وزارت عظمٰی کے اُمیدوار ہیں اور اُنھوں ہی نے انتخابی مہم کی بھی قیادت کی۔

اگرچہ کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت راہول گاندھی کر رہے ہیں، لیکن اس جماعت کی طرف سے وزارت عظمٰی کے کسی اُمیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بھارت میں ایک نئی جماعت 'عام آدمی پارٹی' پر بھی لوگوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ اس جماعت نے گزشتہ سال کے اواخر میں دارالحکومت دہلی کے مقامی انتخابات میں مؤثر کارکردگی دکھائی تھی۔

عام انتخابات کے دوران 9 لاکھ 30 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے اور ملک بھر میں لاکھوں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG