رسائی کے لنکس

ٹرین کی ٹکر سے ہاتھیوں کی ہلاکت پر بھارتی وزیر برہم


ٹرین کی ٹکر سے ہاتھیوں کی ہلاکت پر بھارتی وزیر برہم
ٹرین کی ٹکر سے ہاتھیوں کی ہلاکت پر بھارتی وزیر برہم

ہندوستان کی وزیرِ ریلوے نے رواں ہفتے ایک ٹرین کی ٹکر سے سات ہاتھیوں کی ہلاکت کے واقعے پہ برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلیے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حادثہ بدھ کی رات بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ایک جنگل میں پیش آیا تھا جہاں ایک تیز رفتار ٹرین کی ٹکر سے سات ہاتھی ہلاک ہوگئے تھے۔ حادثے کے وقت ہاتھیوں کا ایک غول ریل کی پٹڑی پر پھنس جانے والے دو بچہ ہاتھیوں کو نکالنے کی کوشش کررہا تھا۔

ریلوے کی وزیر ممتا بینر نے کہاہے کہ ان کی وزارت ریاست کے محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر ہاتھیوں کے تحفظ اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کیلیے اقدامات اٹھارہی ہے۔

بینر جی کے مطابق حادثے کے وقت مال بردار ٹرین کا عملہ ریل کی پٹڑی پر ہاتھیوں کی موجودگی سے لاعلم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھنے جنگلات سے گھری جائے حادثہ کو ہاتھیوں کی عمومی گزرگاہ کا درجہ حاصل نہیں ہے جبکہ ریلوے کے محکمہ کو علاقے میں ہاتھیوں کی غیر متوقع نقل و حرکت کے بارے میں بھی کسی قسم کی معلومات مہیا نہیں کی گئی تھیں۔

دوسری جانب بھارتی وزیرِ ماحولیات و جنگلات جے رام رامیش کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نیویارک کے حالیہ دورے سے وطن واپسی پر بھارتی ریلوے بورڈ کے ارکان سے ملاقات کریں گے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچنے کیلیے لائحہ عمل تیار کیا جاسکے۔

ایک اندازے کے مطابق بھارت کے مختلف علاقوں میں پائے جانے والے جنگلات میں 25000 سے زائد جنگلی ہاتھی موجود ہیں۔ تاہم گزشتہ چند سالوں کے دوران درجنوں ہاتھی ٹرینوں کی ٹکر سے ہلاک ہوچکے ہیں جس پر ملک بھر میں تشویش پائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG