رسائی کے لنکس

ایران کو جوہری مذاکرات میں لانے کےلیے بھارت سے تعاون کی یورپی اپیل


ایران کو جوہری مذاکرات میں لانے کےلیے بھارت سے تعاون کی یورپی اپیل
ایران کو جوہری مذاکرات میں لانے کےلیے بھارت سے تعاون کی یورپی اپیل

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے یورپی یونین کی اس اپیل پرکسی تبصرے سےگریز کیا، لیکن انہوں نے یہ کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے ساتھ کچھ مسائل وابستہ ہیں

یورپی یونین نے بھارت سے کہاہے کہ وہ ایران کو اپنے متنازع جوہری پروگرام پر مذاکرات میں واپس لانے کے لیے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرے۔

یورپی یونین کونسل کے صدر ہرمن وین رومپوی نے جمعے کے روز نئی دہلی میں یورپی یونین بھارت کانفرنس میں ان خیالات کا اظہار ایران کے جوہری پروگرام پر اپنے خدشات کا اظہار کرتےہوئے کیا۔

مغربی ممالک کو اندیشہ ہے کہ ایران جوہری بم بنانے کی کوشش کررہاہے۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے یورپی یونین کی اس اپیل پر کسی تبصرے سے گریز کیا، لیکن انہوں نے یہ کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے ساتھ کچھ مسائل وابستہ ہیں۔

بھارت یہ کہہ چکاہے کہ وہ ایران کے ساتھ اپنی تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

نئی دہلی نے کانفرنس کی تقریب کے موقع پر یہ اعلان کیاتھا کہ وہ امریکہ اور یورپ کی جانب سے ایران کے خلاف اس کے جوہری پروگرام پر بطور سزا پابندیوں کے نفاذ کے بعد تہران کے ساتھ تجارت کے مواقع تلاش کرنا چاہتا ہے۔

جمعرات کے روز نئی دہلی نے کہاتھا کہ وہ وہ جلد ہی اپنا ایک تجارتی وفد تہران بھیجے گا۔

یورپی یونین کمشن کے صدر ہوزے مینوئل بروسو نے جمعے کے روز کہا کہ بھارت اور یورپی یونین آزاد تجارت کے ایک معاہدے کے، جوطویل عرصے سے التوا میں پڑا تھا، قریب پہنچ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG