رسائی کے لنکس

بھارت: جنسی زیادتی کے ملزمان پر فرد جرم عائد


مجرم قرار دیا جانے والا ایک شخص پولیس کی تحویل میں
مجرم قرار دیا جانے والا ایک شخص پولیس کی تحویل میں

ممبئی کی ایک عدالت میں سماعت کے بعد وکیل استغاثہ اوجول نکم نے صحافیوں کو بتایا کہ مجرمان کو جمعہ کو سزا سنائی جائے گی۔

بھارت کی ایک عدالت نے گزشتہ برس ایک خاتون صحافی کی اجتماعی آبروریزی کرنے والے چار افراد پر فرد جرم عائد کی ہے۔

جمعرات کو ممبئی کی ایک عدالت میں سماعت کے بعد وکیل استغاثہ اوجول نکم نے صحافیوں کو بتایا کہ مجرمان کو جمعہ کو سزا سنائی جائے گی۔

ان افراد نے گزشتہ سال اگست میں خاتون صحافی کو اس وقت جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ کام کے سلسلے میں ممبئی میں کپڑے کی ایک متروک مل میں گئی ہوئی تھیں۔

ریاست مہاراشٹر کے وزیرداخلہ آر آر پاٹل بھی سماعت کے دوران عدالت میں موجود تھے جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ‘‘ آج کے اس فیصلے سے مجرموں کو ایک سخت پیغام ملے گا۔’’

اس مقدمے میں شریک ایک ملزم کی عمر 18 سال سے کم ہونے کی وجہ سے اس پر بچوں کی عدالت میں مقدمہ چلائے جائے گا۔

بھارت میں حالیہ برسوں کے دوران خواتین کے خلاف جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد ملک میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اس بارے میں سخت قوانین اور ان پر موثر عملدرآمد کا مطالبہ کرتی آئی ہیں۔

دسمبر 2012 میں نئی دہلی میں ایک لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی مرتکب مجرمان کو گزشتہ سال سزائے موت سنائی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG