رسائی کے لنکس

بھارتی صنعتی پیداوار: اضافے کی شرح میں حیرت انگیز کمی


بھارتی صنعتی پیداوار: اضافے کی شرح میں حیرت انگیز کمی
بھارتی صنعتی پیداوار: اضافے کی شرح میں حیرت انگیز کمی

ابھرتی ہوئی معاشی قوت بھارت کی صنعتی پیداوار میں اضافہ کی شرح غیر متوقع طور پر کم ہوکر گزشتہ 16 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

جمعہ کے روز جاری کیے گئے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بھارتی صنعتی پیداوار میں ستمبر کے مہینے میں غیر متوقع طور پر کمی دیکھنے میں آئی اور صنعتی پیداوار گزشتہ 16 مہینوں کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

پیداوار میں کمی کی وجہ بلند شرحِ سود اور حکومت کی جانب سے معاشی معاملات پر سرکاری گرفت سخت کیے جانے کو قرار دیا جارہا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق مصنوعات، کان کنی اور بجلی کی تیاری کے شعبوں میں پیداواری عمل میں بڑھوتری کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں آدھی رہی۔ مذکورہ شعبہ جات کی پیداوار میں اضافے کی شرح گزشتہ سال ستمبرمیں 2ء8 فی صد تھی جو رواں سال 4ء4 فی صد ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ اگست کے مہینے میں پیداوار میں اضافے کی شرح 9ء6 فی صد ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد معاشی ماہرین نے ستمبر کے مہینے میں یہ شرح سات فی صد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔

مذکورہ اعدادو شمار پر بھارتی صنعت کاروں اور تاجروں کی نمائندہ تنظیم "فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری " کے سیکریٹری جنرل امیت مترا کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کو صنعتی پیداواری عمل میں آنے والی سست روی کے سدباب کیلیے اپنے معاشی اقدامات کا ازسرِ نو جائزہ لینا ہوگا۔

ملک میں جاری افراطِ زر کے سدِباب کیلیے بھارت کے مرکزی بینک کی جانب سے رواں سال شرحِ سود میں چھ بار اضافہ کیا جاچکا ہے ۔تاہم گزشتہ ہفتے بینک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ آئندہ تین مہینوں کیلیے شرحِ سود برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG