رسائی کے لنکس

بھارتی ہاکی ٹیم زبردست بغاوت اور تنازعات کا شکار


بھارتی ہاکی ٹیم زبردست بغاوت اور تنازعات کا شکار

بھارتی ہاکی ٹیم زبردست بغاوت اور تنازعات کا شکار


بھارت میں قومی کھیل کا درجہ رکھنے والے ہاکی کھیل کی بھارتی ٹیم اِن دنوں زبردست بغاوت اور تنازعات کا شکار ہے۔ اور ہاکی ٹیم کی مدد کے لیے قدم آگے بڑھائے ہیں گزرے زمانے کی مشہور پاکستانی اداکارہ اور گلوکارہ سلمیٰ آغا نے۔ ہم اُسی سلمیٰ آغا کی بات کررہے ہیں جس نے فلم نکاح میں اپنی لاجواب اداکاری سے سینکڑوں بھارتی سنیمابینوں کا دل موہ لیا تھا۔ اور جنہیں فلم نکاح میں اپنی آواز میں ’دل کے ارماں’ نغمہ گانے کے لیے فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

بھارتی ہاکی ٹیم کی مالی مدد کے لیے سلمیٰ آغا نے پورے بھارت میں اپنے کنسرٹ شو کرنے کی پیش کش کی ہے۔ سلمیٰ آغا کے مطابق اسپورٹس کے لیے اُن کے پیار نے ہی انہیں ہاکی کھلاڑیوں کی مدد کے لیے آگے کیا ہے۔ اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کو اِس ذلت سےگزرنا نہ پڑے۔

واضح رہے کہ سلمیٰ آغا کے شوہر رحمت خان سکواش کوچ اور گیارہ سالہ بیٹا علی سکواش کا کھلاڑی ہے اور شاید اسی لیے بھارتی ہاکی ٹیم میں ماہانہ تنخواہ اور اضافی بونس کے مطالبہ کے باعث چِھڑنے والے بحران کی گہرائی کو سمجھتے ہوئے انہوں نے اپنے غزلوں کے کنسرٹ کی پیش کش کردی۔

ممبئی ہاکی ایسوسی ایشن کے ترجمان جوکِم کرو الھو نے اِس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سلمیٰ آغا کے مشورے کو نوٹ کر لیا ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سلمیٰ آغا کا تعلق پرتھوی راج کپور کے خاندان سے بھی ہے جس کے سہارے انہوں نے اپنی پہلی بالی وڈ فلم نکاح سائن کی تھی۔ فلم نکاح نے باکس آفس پر زبردست کاروبار کیا تاہم سلمیٰ آغا کی دوسری فلم ’قسم پیدا کرنےوالے کی’ کو چھوڑ کر اُن کی باقی فلمیں بھارتی باکس آفس پر کچھ خاص کرشمہ نہیں دکھا پائی۔

سلمہ آغا اپنی غزلوں کے کنسرٹ سے بھارتی ہاکی پر آئے اِس زوال کو کیسے کم کر پائیں گی یہ تو اس وقت واضح ہوگا جب اُن کے کنسرٹ کو ہاکی کے حکام کی جانب سے ہری جھنڈی ملے گی۔

XS
SM
MD
LG