رسائی کے لنکس

چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دو جب کہ عمر بھٹہ اور کپتان محمد عمران نے ایک ایک گول کیا۔

بھارت کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے جانے والی ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

جمعرات کو کھیل کی ابتدا ہی سے نیدر لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے کوارٹر میں ایک صفر کی برتری حاصل کی۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے اپنا روایتی کھیل پیش کیا اور ابتدا میں ہی عمر بھٹہ نے گول کر کے میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔

پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں نیدر لیینڈ کی ٹیم پر مزید دباؤ ڈالا اور محمد عمران نے تیسرے پینلٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔

تاہم یہ برتری زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور چوتھے کوارٹر میں نیدر لینڈ کی ٹیم نے دوسرا گول کر کے مقابلہ ایک بار پھر دو دو گول سے برابر کردیا۔

میچ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل کھیل انتہائی دلچسپ رخ اختیار کر گیا اور دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے سر توڑ کوشش کرنے لگیں۔

اسی اثنا میں پاکستان کو دو پینلٹی کارنر ملے اور اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دو گول اسکور کر کے اس نے فتح اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دو جب کہ عمر بھٹہ اور کپتان محمد عمران نے ایک ایک گول کیا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کو گروپ راؤنڈ کے تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان بیلجیئم سے 1-2 سے ہار گیا تھا جب کہ انگلینڈ کے ہاتھوں اسے 2-8 سے شکست ہوئی تھی اور آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کا سیمی فائنل 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG