رسائی کے لنکس

بھارت انسانی حقوق: ڈاکٹر بنایک سین کی اپیل خارج


بھارت انسانی حقوق: ڈاکٹر بنایک سین کی اپیل خارج
بھارت انسانی حقوق: ڈاکٹر بنایک سین کی اپیل خارج

ایک بھارتی عدالت نے ماؤ نواز باغیوں کی مدد کے الزام میں عمر قید کی سزا پانے والے ایک ڈاکٹر کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ان کی رہائی کےلیے انسانی حقوق کی کئی ملکی و بین الاقوامی تنظیمں اپیلیں کرچکی ہیں۔

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر بسالپور میں واقع ہاِئی کورٹ نے جمعرات کے روزڈاکٹر بنایک سین کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔ وہ گذشتہ کئی عشروں سے ریاست کی غریب اور قبائلی آبادیوں میں طبی خدمات انجام دے رہے تھے۔

60 سالہ ڈاکٹر سین کو گزشتہ سال دسمبر میں ماؤنواز گوریلوں کی مدد کے جرم میں عمرقید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ڈاکٹر سین پر الزام تھا کہ انہوں نے جیل میں اپنے پاس زیرِ علاج ایک ماؤنواز راہنما کو کچھ کاغذات پہنچانے کی کوشش کی تھی۔

ان پر ماؤ گوریلوں کو بینک اکاؤنٹ کھولنے میں مدد فراہم کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر سین نے اپنی سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کررکھی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں ڈاکٹر بنایک سین کو سنائی گئی سزا کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ ڈاکٹر سین کو ریاست چھتیس گڑھ میں پیش آنے والے انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات کو منظرِ عام پر لانے کی وجہ سے قانونی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ڈاکٹر سین کی رہائی کےلیے بھارتی حکومت کو کئی اپیلیں کی گئی ہیں جن میں سے تازہ ترین اپیل 40نوبیل انعام یافتہ عالمی شخصیات کی جانب سے بھیجی گئی تھی جس میں انہیں ایک ’مثالی، جرات مند اور مخلص ساتھی‘ قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ نے اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ ڈاکٹر سین کی درخواست مسترد ہونے سے انسانی حقوق کےلیے کام کرنے والے افراد کو مایوسی ہوئی ہے۔

ایک اور عالمی تنظیم ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ نے اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ ڈاکٹر سین کے مقدمے کی کاروائی کے دوران عالمی معیارات کی خلاف ورزی کی گئی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے خلاف عائد کردہ الزامات سیاسی بنیاد پر لگائے گئے ہیں۔

بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر بنایک سین طویل عرصہ سے ریاست چھتیس گڑھ کے انتہائی غربت زدہ آبادیوں میں اسپتال چلارہے تھے۔ ان علاقوں میں ان کی طبی خدمات اور کم سن بچوں میں اموات کی شرح میں کمی کے لیے ان کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جاتا رہا ہے۔

چھتیس گڑھ کاشمار بھارت کی غریب ترین ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں ماؤ نواز باغی حکومتی افواج کے خلاف مسلح مزاحمت میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG