رسائی کے لنکس

بالی ووڈ ایکٹریس جیا خان نے خود کشی کرلی ، پولیس


جیا خان
جیا خان

پولیس ابھی تک جیا کی والدہ کا بیان ریکارڈ نہیں کرسکی ہے کیوں کہ وہ صدمے کی حالت میں ہیں۔

بالی ووڈ ایکٹریس جیا خان نے مبینہ طور پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔ ان کی عمر 25سال تھی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا۔ جیا ممبئی کے علاقے جوہو میں مقیم تھیں ۔ پولیس نے جیا کے ملازم، چوکیدار اور پڑوسیوں سے پوچھ شروع کردی ہے۔

جیا کا اصل نام نفیسہ تھا لیکن انہوں نے فلموں میں اداکاری کی غرض سے اپنا نام تبدیل کرلیا تھا۔ ان کی والدہ ،رابعہ امین بھی ایکٹریس تھیں اور سن 1980ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”دولہا بکتا ہے “میں کام کرچکی ہیں۔

بھارتی میگزین” انڈیا ٹو ڈے “نے اپنی ایک رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ جس وقت جیا نے خود کشی کی وہ گھر پر اکیلی تھیں ۔ ان کی والدہ اور بہن کسی کام سے باہر گئی ہوئی تھیں۔ رات کو گیارہ بجے جب وہ واپس گھر آئیں تو انہوں نے جیا کو مردہ حالت میں پایا۔ پولیس کو جیا کا دوپٹہ ان کے گلے میں لپٹا ہوا ملا ہے۔

پولیس منگل کو جیا کا پوسٹ مارٹم کرے گی تاہم ان کی موت سے متعلق کیس رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے۔ پولیس ابھی تک جیا کی والدہ کا بیان ریکارڈ نہیں کرسکی ہے کیوں کہ وہ صدمے کی حالت میں ہیں۔

جیا خان کا فنی کیرئیر

جیا نے رام گوپال ورما کی متنازع فلم ”نیشبدھ“سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ اس فلم میں انہوں نے امیتابھ کے مقابل اداکاری کی تھی۔ فلم 2007ء میں ریلیز ہوئی تھی ، گوکہ فلم نے خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کی لیکن اس سے جیا کے فن کو اپنی پہچان بنانے کا بھرپور موقع ملا یہاں تک کہ انہیں نئے فنکار کی حیثیت سے فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔

جیا کی دوسری فلم جس سے انہیں سب سے زیادہ شناخت ملی اور لوگ ان کی اداکاری کے معترف ہوئے، وہ ”گجنی“ تھی جس میں عامر خان جیسے منجھے ہوئے فنکار کے ساتھ انہیں اداکاری کا شاندار موقع ملا۔

گجنی “کے بعد سن 2010ء میں ریلیز ہونے والی ساجد خان کی فلم ”ہاؤس فل“ میں انہوں نے معاون اداکارہ کی حیثیت سے کام کیا۔ فلم کی کاسٹ میں بڑے بڑے نام شامل تھے لیکن افسوس ”ہاؤس فل“ ہی جیا کے فنی کیرئیر کی آخری فلم ثابت ہوئی۔
XS
SM
MD
LG