رسائی کے لنکس

میراسیاست سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں:من موہن سنگھ

  • سہیل انجم

بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے یہ واضح کیا ہے کہ اُن کا سیاست سے ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور یہ کہ وہ 60دِنوں کے اندر اپنی کابینہ میں ردوبدل کریں گے، اور اِس میں مزید نوجوان چہروں کو شامل کریں گے۔ یاد رہے کہ 7نومبر سے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہو رہا ہے۔

اُنھوں نے پیر کے روز اپنی رہائش گاہ پر اخباروں کے مدیروں کے ساتھ ایک خاص ملاقات میں اِس خیال کو مسترد کردیا کہ حکومت اور کانگریس پارٹی کے مابین رابطے کا فقدان ہے۔ بلکہ، اُنھوں نے اِس سے بھی آگے بڑھ کر کہا کہ اُن کی کابینہ پہلے وزیرِ اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی کابینہ سے کہیں زیادہ مربوط انداز میں کام کر رہی ہے۔

مختلف وزرا اور کانگریس رہنماؤں کے مابین بعض امور پر الگ الگ رائے رکھنے کو اُنھوں نے جمہوریت سےتعبیر کیا اور کہا کہ کانگریس ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت کے اندر نظریات و خیالات میں تنوع اور اختلاف ضروری ہے۔

وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش ظاہر کی اور یہ انکشاف کیا کہ اُنھوں نے مسئلے کو حل کرنے کی غرض سے اِسی ہفتے سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹي کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جِس میں موجودہ صورتِ حال پر تفصیل سے تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ وہ یہ وعدہ نہیں کرتے کہ وہ جادو کے ذریعے ایک ہی دِن میں قوم کی کایا پلٹ دیں گے، البتہ ملک کو صبروتحمل سے کام لینا سیکھنا چاہئیے۔

XS
SM
MD
LG