رسائی کے لنکس

مغربی بنگال پولیس مقابلہ، آٹھ نکسلی ہلاک


ایک بھارتی فوجی ہلاک ہونے والے ماؤنواز کی لاش دیکھ رہا ہے
ایک بھارتی فوجی ہلاک ہونے والے ماؤنواز کی لاش دیکھ رہا ہے

مغربی بنگال کے مدھنا پور ضلع میں حفاظتی دستوں اور ماؤنواز گوریلوں کے درمیان ہونے والی ایک مڈ بھیڑ میں کم از کم آٹھ نکسلی مارے گئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ جس مقام پر گولیوں کا تبادلہ ہوا وہ ماؤنوازوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جو لال گڑھ کے بالکل قریب ہے جہاں نکسلیوں کے خلاف پچھلے ایک سال سے مرکزی نیم عسکری فوج اور صوبائی پولیس مشترکہ کارروائی کر رہی ہے۔

مغربی مدھنا پور کے پولیس سربراہ نے بتایا کہ منگل کی رات گئے ریجھنا جنگلوں میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو بدھ کی صبح تک چلتا رہا۔

طلوعِ آفتاب کے بعد جب باغیوں کی جانب سے فائرنگ رک گئی تو سکیورٹی فورسز کو وہاں آٹھ لاشیں ملیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اُن میں سے تین لاشیں عورتوں کی ہیں۔ بنگال میں پہلی بار ایک واردات میں اتنے سارے نکسلی مارے گئے ہیں۔

پولیس کو جنگلات سے ہتھیاروں کا ایک بڑا ذخیرہ بھی ملا ہے جِس میں اے کے 47رائفلیں بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایک انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی جِس کے بعد دونوں جانب سے گولیوں کا تبادلہ ہوا جِس میں آٹھ نکسلی مارے گئے اور ایک زندہ پکڑا گیا۔

اِس ضلع میں 30مئی کو نکسلیوں کی تخریب کاری کے نتیجے میں ایک بہت بڑا ریلوے حادثہ ہوا تھا جِس میں تقریباً 150مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارتی وزیرِ اعظم نے ماؤنواز تشدد کو ملک کی داخلی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG