رسائی کے لنکس

بھارت: ماؤنوازوں کے آٹھ مقامات پر حملے کئی ہلاک و زخمی


بھارت میں ماؤنوازوں کے تشدد کے مہلک اثرات
بھارت میں ماؤنوازوں کے تشدد کے مہلک اثرات

ماؤنوازوں نے اپنے 48گھنٹے کی کال کے دوران اُڑیسہ، چھتیس گڑھ اور جھاڑکھنڈ ریاستوں میں آٹھ مقامات پر حملے کیے جِن میں کئی افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

جمعرات کے روز اُنھوں نے چھتیس گڑھ کے دنتیواڑا ضلعے میں ایک پولیس اسٹیشن اور ایک کانگریس لیڈر کے گھر پر حملہ کیا جِس کے دوران دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے، جب کہ مسلح ماؤنوازوں کے گروپ نے اُڑیسہ کے کونجھر ضلعے میں ایک پولیس اسٹیشن اور ایک فاریسٹ آفس پر حملہ کیا۔ مظاہرین نے آتش زنی کی اور ایک پولیس جوان کو اغوا کرلیا۔

ذرائع کے مطابق، ماؤنوازوں نے جھاڑکھنڈ کے علاقے میں ریلوے پٹڑی اُڑا دی اور ریلوے اسٹیشن پر حملہ کردیا جہاں پولیس والوں سے اُن کا مقابلہ ہوا جِس میں ایک پولیس جوان کی موت واقع ہوگئی۔

یاد رہے کہ گذشتہ دِنوں آندھرا پردیش میں ایک پولیس تصادم کے دوران ماؤنواز رہنما چیروکُوری راج کمار آزاد مارا گیا تھا اور اُس کےساتھیوں نے ہلاکت کا انتقام لینے کی دھمکی دی تھی اور اِسی سلسلے میں 48گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا گیاتھا۔

بتایا جاتا ہے کہ آزاد ماؤنوازوں اور حکومت کے مابین مصالحت کی کوشش کر رہا تھا۔ اُس کی ہلاکت کے بعد ایک حکومتی ثالث، اگنی ویش نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG