رسائی کے لنکس

بھارت: ممبئی حملوں کے پانچ سال مکمل


ممبئی حملوں کو بھارت کا "9/11" بھی کہا جاتا ہے جن کا الزام بھارتی حکام نے پاکستان میں سرگرم شدت پسند گروہوں پر عائد کیا تھا۔

بھارت میں منگل کو ملک کے معاشی اور ثقافتی مرکز ممبئی پر دہشت گرد حملوں کے پانچ برس مکمل ہونے پر تقریبات منعقد کی گئیں۔

پانچ برس قبل 26 نومبر 2008ء کو ممبئی کے مختلف علاقوں میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے ان حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

منگل کو ریاست مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور دوسرے رہنماؤں نے ممبئی کے جنوبی علاقے میں تعمیر کی جانے والی یادگار پر حاضری دی اور حملوں میں ہلاک ہونے والے مرد وخواتین کی یاد میں پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

ممبئی حملوں کو بھارت کا "9/11" بھی کہا جاتا ہے جن کا الزام بھارتی حکام نے پاکستان میں سرگرم شدت پسند گروہوں پر عائد کیا تھا۔

بھارتی حکام کی تحقیقات کے مطابق پانچ برس قبل کیے جانے والے ان حملوں میں 10 دہشت گرد ملوث تھے جو مچھیروں کی ایک کشتی پر سوار ہو کر ممبئی پہنچے تھے۔

ان حملہ آوروں نے بیک وقت شہر کے دو 'فائیو اسٹار' ہوٹلوں، ایک مشہور قہوہ خانے، ایک ریلوے اسٹیشن اور مقامی یہودیوں کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا تھا۔

حملہ آور ایک ہوٹل پر 60 گھنٹوں تک قابض رہے تھے جس کے دوران ایک کروڑ سے زائد آبادی والا ممبئی شہر گولیوں اور دھماکوں سے گونجتا رہا تھا۔

تاہم ممبئی حملوں کے پانچ سال مکمل ہونے پر جہاں حکومتی عہدیداران نے ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں تقریبات منعقد کیں وہیں ممبئی شہر میں معمولاتِ زندگی رواں دواں رہے۔

ایک جانب ممبئی کے حکام اور پولیس افسران دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہیں شہر کے کئی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان حملوں کو پانچ سال گزرنے کے بعد بھی اب تک سمندر کے ساتھ واقع اس شہر کے ساحلوں کی سکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔

انسدادِ دہشت گردی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ساحلوں کی نگرانی پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کے لیے حالیہ برسوں میں نئی گشتی کشتیاں اور آلات خریدے گئے ہیں جب کہ حکومت نے ان اہلکاروں کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے بھی کئی اقدامات کیے ہیں۔

لیکن بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ ساحلی محافظوں کے پاس ایسا 'گلوبل پوزیشننگ نظام (جی پی ایس)' اب بھی موجود نہیں جس کے ذریعے تمام کشتیوں اور جہازوں کی شناخت اور ان کی غیر قانونی نقل و حرکت کا پتا لگا یا جاسکے۔
XS
SM
MD
LG