رسائی کے لنکس

میانمار میں فوجی کارروائی پاکستان کے لیے بھی پیغام ہے: بھارتی وزیر


بھارتی فوجی (فائل فوٹو)
بھارتی فوجی (فائل فوٹو)

بھارتی وزیر کے بقول یہ شروعات ہے۔ "بھارت مضبوط ہے اور یہ پیغام سب تک پہنچنا چاہیے، دوستی اور (دہشت گردی کے خلاف) مکمل عدم برداشت ساتھ ساتھ چلیں گی۔"

بھارت کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راجیہ وردھان راٹھور نے کہا ہے کہ برما کی سرحد کے قریب کی بھارتی سکیورٹی فورسز کی کارروائی پاکستان سمیت ان تمام ملکوں اور گروپوں کے لیے پیغام ہے جہاں بھارت کے لیے "دہشت گردانہ سوچ" والے لوگ موجود ہیں۔

بھارتی فوج کے مطابق منگل کو انٹیلی جنس معلومات پر اس نے بھارتی ریاستوں ناگا لینڈ اور منی پور میں کارروائی کی جس میں اس کے بقول دہشت گردوں کو "بھاری جانی نقصان" ہوا۔

فوج نے برما کی سرحد پار کر کے کارروائی کرنے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا لیکن اخبار انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی نےکیا جس کی اشد ضرورت تھی۔

"یہ اپنی نوعیت کا ایک بہت ہی دلیرانہ فیصلہ تھا اور اس میں ہماری اسپیشل فورسز سرحد پار کر کے دوسرے ملک کے اندر گئیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ وہاں دو کیمپ تھے جو بھارت پر ایک اور حملے کی تیاری کر رہے تھے۔

راجیہ وردھان راٹھور جو کہ بھارتی فوج کے سابق کرنل ہیں، نے کہا کہ ان دو کیمپوں پر حملہ کر کے انھیں مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا اور اسپیشل فورسز بغیر کسی نقصان کے واپس آئیں۔

بھارتی فوج کی یہ کارروائی رواں ہفتے اس علاقے میں ہونے والے مشتبہ باغیوں کے اس حملے کے بعد کی گئی جس میں 20 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں۔" ہم ایسی جگہوں پر اپنی مرضی کے مطابق سرجیکل حملہ کریں گے۔"

بھارتی وزیر کے بقول یہ شروعات ہے۔ "بھارت مضبوط ہے اور یہ پیغام سب تک پہنچنا چاہیے، دوستی اور (دہشت گردی کے خلاف) مکمل عدم برداشت ساتھ ساتھ چلیں گی۔"

بھارت کے اپنے روایتی حریف پاکستان کے ساتھ بھی دہشت گردی سمیت مختلف امور پر تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ملکوں کی سرحد اور متنازع علاقے کشمیر میں حد بندی لائن پر فائرنگ کے تبادلے کے واقعات اکثر و بیشتر رونما ہوتے رہتے ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے مابین ایک دوسرے کے ملک میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

بھارتی وزیر مملکت کے اس تازہ بیان پر تاحال پاکستان کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی میانمار نے بھارتی فورسز کی کارروائی پر کوئی بیان جاری کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG