رسائی کے لنکس

بھارتی کابینہ میں 21 نئے وزراء شامل


بھارتی وزیراعظم نریندر مودی
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی

رواں سال مئی میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مودی نے پہلی بار کابینہ میں توسیع کی ہے اور یوں اب وہ 66 رکنی وزرا کونسل کی سربراہی کر رہے ہیں۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی کابینہ میں توسیع کی ہے جسے حکومت کے اقتصادی ایجنڈے پر عملدرآمد کو مہمیز کرنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اتوار کو صدر پرنب مکھرجی نے نئی دہلی میں صدارتی محل میں 21 وزرا سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ تاحال ان کے محکموں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

رواں سال مئی میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مودی نے پہلی بار کابینہ میں توسیع کی ہے اور یوں اب وہ 66 رکنی وزرا کونسل کی سربراہی کر رہے ہیں۔

اتوار کو شامل کیے گئے وزراء میں قابل ذکر مغربی ریاست گوا کے وزیراعلیٰ منوہر پاریکر ہیں جنہوں نے ہفتہ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

دیگر میں سابق اولمپیئن راج وردھن راٹھور اور گلوکار بابل سپریو بھی شامل ہیں۔ بابل پہلی بار ریاست مغربی بنگال سے قانون ساز منتخب ہوئے ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس توسیع سے ان وزرا کا بوجھ بٹایا جا سکے گا جن کے پاس ایک سے زیادہ محکموں کے قلمدان ہیں۔

ان ہی وزرا میں خزانے کے وزیر ارون جیٹلی بھی شامل ہیں جن کے پاس وزارت دفاع کا اضافی چارج بھی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ منوہر پاریکر کو دفاع کا قلمدان سونپا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG