رسائی کے لنکس

ممبئی حملے: مشتبہ شخص گرفتار


دہشت گردوں نے ممبئی کے اس بڑے ہوٹل کو بھی نشانہ بنایا
دہشت گردوں نے ممبئی کے اس بڑے ہوٹل کو بھی نشانہ بنایا

بھارت میں پولیس نے بتایا ہے کہ 2008ء میں ہونے والے ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق پولیس نے لشکر طیبہ سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے سید زبی الدین کو حراست میں لیا ہے۔ بھارت ممبئی حملوں کی ذمہ داری اس انتہا پسند تنظیم پر عائد کرتا ہے۔

ذبی الدین کا ایک اور نام ابو حمزہ بھی بتایا جاتا ہے جو کہ بھارت کی ریاست مہاراشٹر کا پیدائشی ہے۔ اسے گزشتہ ہفتے ایک خیلجی ریاست سے بھارت پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں کے وقت 30 سالہ ذبی الدین پاکستان میں موجود تھا اور وہاں سے وہ حملہ آوروں کو فون پر مختلف ہدایات دیتا رہا ۔

26 نومبر 2008ء کو بھارت کے اقتصادی مرکز ممبئی میں دہشت گردوں نے ایک ہوٹل سمیت مختلف مقامات پر حملہ کرکے غیر ملکیوں سمیت 166 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعے میں اجمل قصاب نامی مشتبہ پاکستانی کے علاوہ تمام دہشت گرد سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارے گئے۔ اجمل قصاب بھارتی حکام کی تحویل میں ہے اور اسے ممبئی کی ایک عدالت نے سزائے موت سنا رکھی ہے۔

ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ جامع امن مذاکرات سمیت دیگر معاملات پر مذاکرات کا سلسلہ منقطع کردیا تھا۔ تاہم گزشتہ سال سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاملات پر بات چیت کو سلسلہ بحال ہوچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG