رسائی کے لنکس

بھارت: جنسی زیادتی میں ملوث تیسرا مشتبہ شخص گرفتار


یہ خاتون ممبئی میں ایک ٹیکسٹائل مل میں تصویر بنا رہی تھیں جب انھیں پانچ افراد نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بھارت میں پولیس نے ایک خاتون صحافی کے ساتھ جنسی زیادتی میں ملوث تیسرے مبینہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

قبل ازیں دو مشتبہ لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

حکام نے بتایا کہ یہ خاتون فوٹوگرافر جمعرات کو ممبئی میں ایک متروک ٹیکسٹائل مل میں اپنے ایک مرد ساتھی صحافی کے ہمراہ تصاویر بنا رہی تھیں جب پانچ افراد نے انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مرد صحافی کو اس دوران ملزمان نے رسیوں سے باندھ دیا تھا۔ پولیس دیگر دو ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔

جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی صحافی کی عمر لگ بھگ 20 سال بتائی گئی ہے اور وہ تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

بھارت میں حالیہ مہینوں کے دوران خواتین کے خلاف اجتماعی زیادتی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جن میں چند ایک غیر ملکی خواتین پر بھی جنسی حملے کیے گئے۔

گزشتہ دسمبر میں دارالحکومت نئی دہلی میں میڈیکل کی ایک طالبہ کو چلتی بس میں چھ لوگوں نے جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ متاثرہ لڑکی بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

اس واقعے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے اور ایسے واقعات کے تدارک کے لیے حکومت پر اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔
XS
SM
MD
LG