رسائی کے لنکس

42 سال تک کوما میں رہنے والی بھارتی نرس کا انتقال


فائل
فائل

ارونا شنباگ ممبئی کے کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال میں جونیئر نرس تھیں جنہیں 1973ء میں ان کے ایک ساتھی نے جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

بھارت کے شہر ممبئی کے ایک اسپتال میں 42 سال تک کومے میں رہنے والی نرس کا انتقال ہوگیا ہے۔

ارونا شنباگ ممبئی کے کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال میں جونیئر نرس تھیں جنہیں 1973ء میں ان کے ایک ساتھی نے جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

زیادتی کی کوشش کے دوران ارونا کے سرپر سخت چوٹ آئی تھی جس کے باعث ان کے دماغ کو آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوئی تھی اور وہ کوما میں چلی گئی تھیں۔

'کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال' کے سربراہ پراوین بنگر نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ ارونا پر گزشتہ ہفتے نمونیا کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد وہ گزشتہ چند روز سے مشینوں کے سہارے زندہ تھیں۔

ارونا کی ایک سہیلی اور ان پر کتاب کی مصنفہ پنکی ویرانی نے 2011ء میں بھارت کی سپریم کورٹ سے انہیں ٹیوب کے ذریعے خوراک دینے پر پابندی عائد کرنے اور انہیں "ان کی تکلیف دہ زندگی سے نجات" دلانے کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

مقدمے کی سماعت کے دوران کنگ ایڈورڈ اسپتال کی نرسوں اور عملے نے اس درخواست کی سخت مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ارونا کی دیکھ بھال کریں گے۔

ارونا کے اہلِ خانہ نے کئی برس قبل ان کی نگہداشت کےاخراجات برداشت کرنے سےمعذرت کرلی تھی لیکن اسپتال کی نرسوں اور عملے نے ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اپنے سر لے لی تھی جسے انہوں نے 42 سال تک نبھایا۔

XS
SM
MD
LG