رسائی کے لنکس

بھارت، پاکستان کے ساتھ تمام امور پر مذاکرات کے لیے تیارہے: کرشنا


ایس ایم کرشنا
ایس ایم کرشنا

بھارتی وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہےکہ بھارت پاکستان کے ساتھ اختلافات کو دور کرنے کے لیے تمام امور پر بتدریج انداز میں تبادلہٴ خیال کے لیے تیار ہے۔

تاہم، اُنھوں نے پاکستان سے کہا کہ وہ جہادیوں کو قابو میں کرے، کیونکہ، بقول اُن کے، بھارت مخالف پروپیگنڈے سے اعتماد کی کمی کو دور کرنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

یہ بیان اُنھوں نے ایوانِ بالا راجیا سبھا میں بی جے پی کے ایک رکن کے سوال کے جواب میں دیا۔

ایس ایس اہلو والیہ نے پوچھا تھا کہ کیا بھارت کشمیر، سیاچین اور سر کریک جیسے امور پر بھی تبادلہٴ خیال کے لیے تیار ہے، اِس پر ایس ایم کرشنا نے کہا کہ بھارت نے اِن تینوں امور کے ساتھ ساتھ تمام امور پر مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِ خارجہ کے الفاظ میں: ‘ہمیں کسی بات کا خوف نہیں ہے۔ ہمارا ضمیر صاف ہے اور ہمارا مؤقف واضح ہے۔ لہٰذا، پاکستان کے ساتھ بات چیت سے بھاگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔’

اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے جہادی طاقتوں کی بھارت مخالف سرگرمیوں کی طرف حکومتِ پاکستان کی توجہ مبذول کرنے کی کوشش کی ہے اور اگر دونوں ملک اچھے پڑوسی کی طرح رہنا چاہتے ہیں تو اِن سرگرمیوں کو روکنا ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے بارہا یہ بیان دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو بھارت مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ اِس کے ساتھ ہی اُس نے جنگجو گروپوں کے خلاف متعدد اقدامات بھی کیے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG