رسائی کے لنکس

پاک بھارت مذاکرات آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہوں گے


پاک بھارت وزرائے خارجہ (فائل فوٹو)
پاک بھارت وزرائے خارجہ (فائل فوٹو)

دونوں پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ آٹھ ستمبر کو پاک بھارت مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔

بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا اپنی پاکستانی ہم منصب سے مذاکرات کے لیے سات ستمبر سے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

جمعہ کو پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزرائے خارجہ سطح کے مذاکرات کا آغاز آٹھ ستمبر کو ہو گا۔

ان مذاکرات سے ایک روز قبل پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کی بات چیت ہو گی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ آٹھ ستمبر کو پاک بھارت مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔

تہران میں غیر جانبدار تحریک ’نام‘ کے سربراہ اجلاس کے موقع پر جمعرات کو صدر آصف علی زرداری اور بھار تی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنانے کے عزم کو دہرایا گیا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں وسیع اقتصادی مواقع موجود ہیں جنہیں باہمی تجارت کے ذریعے لوگوں کے مفاد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات بالخصوص تجارتی روابط میں حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے رواں ماہ پاکستانی اراکین پارلیمان کے ایک وفد نے بھی بھارت کا دورہ کر کے اپنے ہم منصوبوں سے دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے غیر رسمی مذاکرات کیے تھے۔

مزید برآں دونوں ملکوں نے تقریباً پانچ سال کے تعطل کے بعد کرکٹ کے روابط بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی ٹیم دسمبر میں سیریز کھیلنے کے لیے بھارت جائے گی۔

مبصرین کا خیال ہے کہ حالات اگر اسی سمت میں آگے بڑھتے رہے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ ستمبر میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ پاکستان کا مجوزہ دورہ بھی کریں گے جس کی صدر آصف علی زرداری نے انھیں دعوت دے رکھی ہے۔
XS
SM
MD
LG