رسائی کے لنکس

’دہشت گردی کے باعث پاکستان کا ریاستی نظام کمزور ہوچکا ہے‘


بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم (فائل فوٹو)
بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم (فائل فوٹو)

بھارتی وزیر داخلہ پی چدم برم نے پاکستان کو ”دہشت گردی کا عالمی مرکز“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں محفوظ پناہ گاہیں رکھنے والے مختلف عسکریت پسند گروہ تیزی سے یکجا ہو رہے ہیں۔

جمعہ کو نئی دہلی میں داخلی سلامتی کے اُمور پر بھارت اور امریکہ کے درمیان مذاکرت کے آغاز پر اپنے افتتاحی خطاب میں چدم برم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کا وسیع ڈھانچہ ایک طویل عرصے سے ریاستی پالیسی کے تحت پروان چڑھ رہا ہے۔ ”پاکستانی معاشرہ مزید انتہاپسند،اس کی معیشت اور ملک کا ریاستی نظام کمزور ہو چکا ہے۔“

اُنھوں نے کہا کہ خود پاکستان کو ان عناصر سے شدید خطرہ لاحق ہے، اور اس کے ریاستی اداروں اور عوام پر حملے جاری ہیں۔

چدم برم کا کہنا تھا کہ بلا شبہ بھارت دنیا کے خطرناک ترین خطے میں واقع ہے اور دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنا اس کی اولین ترجیح بن گئی ہے۔

بھارت اس سے قبل بھی دہشت گردوں کی طرف سے پاکستانی سرزمین استعمال کرنے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتاآیا ہے۔ نومبر 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کا الزام بھی اس نے پاکستان میں موجود عسکریت پسند تنظیموں پر عائد کر کے دونوں ملکوں کے درمیان جاری جامع امن مذاکرات کا سلسلہ یک طرفہ طور پر معطل کردیا تھا ۔ تاہم دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان رواں سال مختلف سطح پر رابطے دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔

بھارت کی طرف سے دہشت گردی کی سرپرستی کے الزامات کی پاکستان بارہا تردید کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG