رسائی کے لنکس

بھارت پاکستان تین سالوں میں چھ بلین ڈالرمالیت کی باہمی تجارت پر رضامند


بھارت پاکستان تین سالوں میں چھ بلین ڈالرمالیت کی باہمی تجارت پر رضامند
بھارت پاکستان تین سالوں میں چھ بلین ڈالرمالیت کی باہمی تجارت پر رضامند

بھارت اور پاکستان ،جنھوں نے کئی برس کے تعطل کے بعد اسی سال کے آغاز میں باہمی مذاکرات دوبارہ شروع کیے ہیں، اِس بات پر اتفاق کیا ہے کہ امن عمل کو فروغ دینے کےلیے جوہری ہتھیاروں سے مسلح اِن ہمسائے ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھائے جائیں گے۔

نئی دہلی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد بدھ کوجاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں بھارت اور پاکستان کے وزرائے تجارت نے عہد کیا کہ آئندہ تین برسوں کے دوران دونوں ممالک باہمی تجارت کو دوگنا کرکے چھ بلین ڈالر مالیت تک پہنچا دیں گے۔

تجارت سے متعلق بھارتی اور پاکستانی اعلیٰ عہدے داروں کی یہ بات چیت نئی دہلی میں 35سال کے بعد پہلی بار ہوئی۔ رائٹرز نے بھارتی وزیر تجارت آنند شرما کے حوالے سے کہا کہ یہ ملاقاتیں بہت ’بامقصد اور سودمند‘ رہیں۔ پاکستانی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے بھی مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’تمام باتیں منصوبے کےتحت آگے بڑھ رہی ہیں‘۔

دونوں ہمسایوں کے مابین بد اعتمادی کی روایت کے باعث بھارت اور پاکستان کے دومیان تجارت برائے نام رہی ہے۔ سنہ 1947میں برطانیہ سے آزادی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تین بار جنگیں ہوئی ہیں۔

بدھ کو ہونے والے سمجھوتے کی رو سے پاکستان نے کہا ہےکہ اُس کی طرف سے بھارت سے پاکستانی منڈی میں زیادہ مصنوعات درآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس میں پیٹرول بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG