رسائی کے لنکس

مہنگائی سےتنگ بھارتی نوجوان نے وزیر زراعت کو تھپڑ رسید کردیا


شرد پوار
شرد پوار

مہنگائی سے نالاں بھارت کے ایک شہری نے جمعرات کے روز ملک کے وزیرِ زراعت شرد پوار، جو کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے صدر بھی ہیں، پر اچانک حملہ کرکے اُن کی گال پر تھپڑ رسید کرتے ہوئے انھیں برا بھلا کہنا شروع کردیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ یہ واقعہ نئی دہلی کے ایک ہوٹل میں اس وقت پیش آیا جب شرد پوارایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے اورصحافیوں کے ہجوم میں موجود اقلیتی سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے حملہ آور نے انھیں تھپڑ رسید کردیا۔

اس سے پہلے کہ یہ شخص مزید کوئی حرکت کرتا ہوٹل میں موجود پولیس اہلکاروں نےاس کو قابو کرلیا۔ ٹی وی چینلز پردکھائے جانے والے اس واقعہ کے مناظر میں پولیس کی حراست میں بعد ازاں اس شخص کوایک چھوٹا چاقو بھی لہراتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

بھارتی میڈیا نےاس شخص کا نام ہروندر سنگھ بتایا ہے اور باور کیا جاتا ہے کہ اسی نےگزشتہ دنوں ٹیلی مواصلات کے سابق وزیر سکھ رام پربھی اُس وقت اچانک ایک ایسا ہی حملہ کیا تھا جب وہ بدعنوانی کے الزام میں سزا سننے کے بعد عدالت سے باہر آرہے تھے۔

نجی ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے مناظر میں حملہ آورکو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ’’سب کے سب چور ہیں سالے‘‘۔

عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہروندر سنگھ کو بھارت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید غصہ تھا اور وہ اس کا ذمہ دار شرد پوار کو مان رہا تھا۔

حالیہ برسوں میں سیاسی رہنماؤں اوراہم شخصیات پر اس نوعیت کے واقعات دنیا کے دیگر حصوں میں بھی ہو چکے ہیں۔

دسمبر 2008ء میں اس وقت کے امریکی صدرجارج بش عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک پریس کانفرنس سے خطا ب کر رہے تھے جب قریب بیٹھے ایک مقامی صحافی نے یکے بعد دیگرے اپنے دونوں جوتے اُنھیں کھینچ مارے۔ تاہم امریکی صدراس اچانک حملے میں محفوظ رہے۔

بھارتی وزیرداخلہ پی چدم برم کو بھی دو سال قبل نئی دہلی میں ایک نیوز کانفرنس میں جوتے سے نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف بھی ایسے ہی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور سندھ کے سابق وزیر اعلٰی اربا ب غلام رحیم کے گال پر بھی ایک نامعلوم شخص نے اپنا جوتا اچانک اُس وقت دے مارا تھا جب وہ صوبائی اسمبلی میں ایک اجلاس میں شرکت کے لیے داخل ہورہے تھے۔

پاکستان کے موجودہ صدر آصف علی زرداری پر بھی لندن میں ایک تقریب کے دوران ایسا ہی ایک حملہ کرنے کی کوشش کی جاچکی ہے۔

XS
SM
MD
LG