رسائی کے لنکس

نریندر مودی کی قومی سلامتی کی نئی ٹیم


بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی ( فائل فوٹو )
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی ( فائل فوٹو )

بھارت کے نئے وزیراعظم نریندر مودی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں تاکہ توجہ ملک کی معاشی ترقی پر دی جا سکے۔

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی انٹیلی جنس بیورو کے سابق سربراہ اجیت کمار ڈوول کو نیا مشیر برائے قومی سلامتی مقرر کیا ہے، جنہیں پاکستان سے معاملات طے کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔

بھارتی فوج کے سابق سربراہ جنرل وی کے سنگھ کو شمالی علاقوں کا وزیر مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد نییشنل سیکورٹی کو بہتر بنانا ہے۔ نریندر مودی کے بقول گزشتہ دور حکومت میں ’نیشنل سکیورٹی‘ کمزور ہو گئی تھی۔

قومی سلامتی کے مشیر اور شمالی علاقوں کے لیے نئے وزیر کی تقرری سے بظاہر یہ پیغام دیا گیا ہے کہ بھارت کا دو ہمسایہ ملکوں چین اور پاکستان کے ساتھ سکیورٹی سے متعلق معاملات کے حل میں سنجیدہ ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹز‘ کے مطابق یہ دونوں اعلیٰ عہدیدار براہ راست وزیراعظم نریندر مودی کی نگرانی میں کام کریں گے۔

اجیت ڈوول ملک کے انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل سابق سفارت کار شیو شنکر مینن قومی سلامتی کے مشیر تھے۔

مسٹر اجیت انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں اور عسکری گروہوں سے نمٹنے کے لیے وہ سخت اقدام پر زور دیتے رہے ہیں، لیکن جن کارروائیوں میں وہ شامل رہے ہیں ان میں ان کا کردار حقیقت پسندانہ رہا ہے۔

اجیت ڈوول نے 1980 کی دہائی میں گولڈن ٹمپل میں سکھوں کے خلاف کارروائی میں بھی حصہ لیا جہاں سے فوجی کارروائی کر کے شدت پسندوں کو باہر نکالا گیا۔

1999ء میں اغوا کیے گئے بھارتی طیارے کے اغوا کاروں سے قندھار میں بات چیت میں بھی اجیت شامل رہے اور بعد میں مسافروں کی رہائی کے بدلے بھارت کی جیلوں میں بند عسکریت پسندوں کو رہا کیا گیا۔

اُدھر بھارت کے شمالی مشرقی ریاستوں کے وزیر وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ اُن کی ترجیح ان علاقوں میں بنیادی انتظامی ڈھانچے می بہتری اور مواصلات کے نظام کو فعال بنانا ہو گا۔

بھارت کے نئے وزیراعظم نریندر مودی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانا چاہتے ہیں تاکہ توجہ ملک کی معاشی ترقی پر دی جا سکے۔
XS
SM
MD
LG