رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20: بھارت بنگلہ دیش کو ہراکر سیمی فائنل میں


آج کے میچ میں فتح کے بعد بھارت ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

'ورلڈ ٹی20' کے ایک میچ میں بھارت میزبان بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

جمعے کو میرپور میں کھیلے جانے والے 'گروپ – 2' کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔

بنگلہ دیشی اوپنر انعام الحق 44 رنز کےساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ محمد اللہ نے 33 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ بھارت کی جانب سے امیت مشرا نے تین اور روی چندرن ایشون نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواباً بھارت نے 139 رنز کا ہدف 3ء18 اوورز میں صرف دو وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارت کی جانب سے ورات کوہلی 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ رووہت شرما نے 56 رنز اسکور کیے۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد بھارت ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ 'گروپ-1' میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں جب کہ 'گروپ-2' میں بھارت کے 6 جب کہ ویسٹ انڈیز کے 4 پوائنٹس ہیں۔

'گروپ-2' میں شامل پاکستان نے اب تک دو میچز کھیلے ہیں اور وہ 2 پوائنٹس کےساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا میچ اتوار کو میزبان بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔
XS
SM
MD
LG