رسائی کے لنکس

بھارت کو پہلے ٹسٹ میں ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں شرمناک شکست


Cricket
Cricket

میچ کے چوتھے دن ہی بھارت کو ایک اننگ اور 6 رن سے شکست اور ٹیم فالوآن سے بھی نہیں ابھر سکی۔

ناگ پور میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں ساوتھ افریقہ نے بھارت کو اسی کی سرزمین پر بدترین شکست سے دوچار کردیا۔ بھارت جو کہ فالوآن کاسامناکررہا تھااس کی ٹیم اس سے بھی ابھر نہ سکی اور کھیل کے چوتھے دن ہی میچ کو نتیجہ سامنے آگیا۔ سچن تنڈولکر کی سنچری بھی بھارت کو شکست سے نہیں بچاسکی بلکہ شکست کو کچھ دیر ٹالنے میں مددگارثابت ہوئی۔

فالوآن کا سامنا کرتے ہوئے بھارت نے دوسری اننگزمیں منگل کو چوتھے دن 3وکٹوں کے نقصان پر 66 رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ساری ٹیم 319 رنوں پر آل آوٹ ہوگئی۔ اس طرح اسے اننگز اور 6 رنوں سے شکست فاش ہوگئی۔

ساوتھ افریقہ کو دومیچز کی سیریز میں صفر کے مقابلے ایک سے برتری حاصل ہوگئی۔ دوسری اننگز میں سچن نے 179گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے سنچری سکور کی۔ ان کے آؤٹ ہوتے ہی بھارت کی باری لڑکھڑاگئی۔ سچن نے مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ 5ویں وکٹ کے لئے70 رنوں کی پارٹنرشپ کی۔سچن اور کپتان دھونی نے ٹیم کو شکست سے بچانے کی کافی کوشش کی لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔

آخری بلے بازوں ہربھجن سنگھ، ظہیر خاں اور وردھمان ساہا کی ذمےدارانہ بیٹنگ نے ساوتھ افریقہ کو کامیابی سے کچھ دیر تک روکے رکھا۔ ہربھجن نے 39،ظہیر خاں33 اور ساہا نے 36 رن بنائے۔ پہلی اننگز میں صرف 51 رنون کے عوض بھارت کے 7 اہم وکٹیں حاصل کرنے والے ساوتھ افریقہ کے باولر ڈیل سٹین نے دوسری باری میں57 رنوں کے عوض 3 اہم وکٹوں کو حاصل کیا۔ اس طرح مجموعی طور پر انہیں 10 وکٹیں حاصل ہویئں۔

اگست 2008ء میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں شکست کے بعد بھارت کو کسی ٹسٹ میں شکست نہیں ہوئی تھی۔ لیکن ساوتھ افریقہ کے مقابلے ایک اننگز سے شکست گزشتہ 25 برسوں میں بھارت کی اسی کی سرزمین پر یہ تیسری اننگز شکست ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ 10 برسوں میں تینوں مرتبہ ساؤتھ افریقہ ہی نے بھارت کو ایک اننگز سے ہرایا۔ 2008 تاناگ پور ٹسٹ بھارت نے 14 ٹسٹ میچز کھیلے جن میں اسے 8 کامیابیاں ملیں اور 6 میچز ڈرا ہوگئے۔ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں بھارت کی یہ پہلی ٹسٹ ہار ہے۔ ساوتھ افریقہ کے ہاشم آملہ کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ انہون نے ڈبل سنچری سکورکی اور 253 رنوں پر ناٹ آوٹ رہے۔ پہلی اننگز میں ساؤتھ افریقہ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 558 رنوں پر اپنی باری ختم ہونے کا اعلان کردیا تھا۔ بھارت نے پہلی باری میں 233 اور دوسری باری میں 319 رنز بنائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹسٹ 14 فروری سے کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG