رسائی کے لنکس

بھارت:اہلیہ کی پُراسرار موت کے بعد ششی اسپتال داخل


پولیس کے مطابق سنندا کی موت اچانک اور ’’غیر طبعی‘‘ تھی لیکن اس کی وجوہات کی تفصیلات کچھ دنوں کے بعد معلوم ہو سکیں گی۔

بھارت کے وزیر برائے انسانی وسائل ششی تھرور اپنی اہلیہ کی اچانک اور پراسرار موت کے بعد سینے میں تکلیف کے باعث اسپتال داخل ہو گئے ہیں جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مسٹر تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر جمعہ کو نئی دہلی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔

نئی دہلی میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کو دل کی دھڑکن بڑھ جانے کی وجہ سے تکلیف محسوس ہو رہی تھی جس پر انھیں اسپتال داخل کیا گیا تاہم اب ان کی صحت بہتر ہے۔

ہفتہ کو سنندا کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا جس کے بعد ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت اچانک اور ’’غیرطبعی‘‘ تھی لیکن اس کی وجوہات کے بارے میں کچھ دنوں کے بعد ہی بتایا جا سکے گا۔

بعد ازاں سنندا کی آخری رسومات نئی دہلی میں ہی ادا کر دی گئیں۔


سنندا اور ششی کی ایک تصویر
سنندا اور ششی کی ایک تصویر

بھارتی وزیر کے عملے کے مطابق وہ اور ان کی اہلیہ گھر پر مرمت و تزئین کے کام کی وجہ سے اس ہوٹل میں مقیم تھے اور جمعہ کو ششی شرور ایک میٹنگ سے جب واپس ہوٹل پہنچے تو ان کا کمرہ اندر سے بند تھا جسے ہوٹل کے عملے کی مدد سے کھولا گیا۔

کمرے میں 52 سالہ سنندا پشکر کی لاش بستر پر پڑی تھی اور بظاہر کسی بھی طرح خودکشی کے آثار یا جسم پر چوٹ کا کوئی نشان نہیں تھا۔

اس جوڑے کے درمیان حالیہ دنوں میں پاکستان کی ایک کالم نگار مہر تارڑ کی وجہ سے کشیدگی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ سنندا کے مطابق یہ پاکستانی صحافی ان کے شوہر سے مبینہ طور پر تعلقات بڑھانے کی کوشش کر رہی تھی۔

تاہم بعد ازاں ششی اور ان کی اہلیہ کی طرف سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ وہ ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔

پاکستانی صحافی بھارتی وزیر سے کسی بھی طرح کے ذاتی تعلق کو مسترد کر چکی ہیں۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے سوپور میں یکم جنوری 1962ء کو ایک زمیندار گھرانے میں پیدا ہونے والی سنندا نے سرینگر سے گریجوایشن کی اور بعد ازاں اپنے خاندان کے ساتھ کشمیر سے منتقل ہو گئیں۔

وہ دبئی میں جائیداد کی خریدو فروخت کی ایک بڑی کمپنی سے وابستہ رہ چکی ہیں جب کہ رینڈیووز سپورٹس ورلڈ کی شریک مالکن بھی تھیں۔

سنندا کی پہلی شادی سنجے رائینا سے ہوئی تھی جن سے طلاق کے بعد انھوں نے کیرالہ کی ایک کاروباری شخصیت سجیت مینن سے شادی کی جو 1997ء میں سڑ ک کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ اس شادی سے سنندا کا ایک 21 سالہ بیٹا شیو مینن ہے۔

ششی تھرور سے ان کی شادی 2010ء میں ہوئی تھی۔
XS
SM
MD
LG