رسائی کے لنکس

بھارت: بھگدڑ مچنے سے کم ازکم 60 ہلاک


مذہبی تہوار نوراتری کی تقریبات کے دوران مدھیا پریش میں واقع مندر جانے والے ہندو عقیدت مند پل سے دریا پار کررہے تھے کہ بھگدڑ مچ گئی۔

بھارت میں اتوار کو ایک مذہبی تہوار کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے کم ازکم 60 افراد ہلاک اور ایک سو سے زخمی ہوگئے۔

ریاست مدھیا پردیش کے مرکزی شہر داتیا کے قریب پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لوگ دریائے سندھ عبور کرنے کے لیے بنے پل پر سے گزر کر مندر جا رہے تھے۔

بعض اطلاعات کے مطابق پولیس کی طرف سے ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے لاٹھی چارج کی وجہ سے بھگدڑ مچی جب کہ بعض بھارتی ٹی وی چینلز کا کہنا ہے کہ لوگوں کی بدحواسی کی وجہ وہ افواہ تھی جس میں پل گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن منڈولا دیوی مندر میں مذہبی تہوار ’نوراتری‘ میں شرکت کے لیے آنے والے ہزاروں عقیدت مندوں کے رش کی وجہ سے کارکنوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بھگدڑ مچنے پر بہت سے لوگوں نے جان بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی تھی اور خدشہ ہے کہ ان میں بھی متعدد لوگ اپنی جان کی بازی ہار گئے ہوں گے۔

بھارت میں اس سے قبل بھی مذہبی رسومات اور تہواروں کے موقع پر بھگدڑ مچنے کے علاوہ دیگر حادثات پیش آتے رہے ہیں۔ رواں سال کے اوائل میں ایک حادثے میں کمبھ کے میلے سے واپس جانے والے 36 یاتری ہلاک ہوگئے تھے۔

2011ء میں ریاست کیرالہ میں ایک مذہبی تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے 102 جب کہ 2008ء میں ایسے ہی ایک واقعے میں دو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
XS
SM
MD
LG