رسائی کے لنکس

بھارت: ریل کے دو مختلف حادثات میں کم ازکم 14 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیپ کا ٹائر ریل گاڑی کی پٹڑیوں میں پھنس گیا اور اس سے قبل کہ اس پر سوار لوگ نیچے اترتے، تیز رفتار ریل گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔ مرنے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

بھارت میں ریل گاڑی کے دو مختلف حادثات میں کم ازکم 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پیر کو دیر گئے ریاست جھاڑ کھنڈ میں ایک جیپ ریلوے لائن پار کرتے ہوئے تیز رفتار ریل گاڑی کی زد میں آگئی۔

حکام اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیپ کا ٹائر ریل گاڑی کی پٹڑیوں میں پھنس گیا اور اس سے قبل کہ اس پر سوار لوگ نیچے اترتے، تیز رفتار ریل گاڑی نے اسے ٹکر مار دی۔

اس واقعے میں پانچ بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

ایک دوسرے واقعے میں دارالحکومت نئی دہلی کے قریب دو ریل گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

مرنے والا ایک ریل گاڑی کا ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔

ریلوے کے ترجمان نیرج شرما کے مطابق یہ حادثہ دہلی سے لگ بھگ 60 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا اور اس میں کم ازکم 50 افراد زخمی بھی ہوگئے۔

بظاہر ان حادثات کی وجہ سرد موسم میں دھند کے باعث حد نظر کم ہونا بتائی جاتی ہے۔

بھارت کا ریلوے نظام کا شمار دنیا کے بڑے ریلوے سسٹم میں ہوتا ہے جہاں روزانہ تقریباً دو کروڑ تیس لاکھ لوگ ریل گاڑیوں پر سفر کرتے ہیں۔

لیکن گاڑیوں اور ریلوے لائن کی مبینہ نامناسب دیکھ بھال کے باعث ہر سال تقریباً سیکڑوں افراد مختلف حادثات میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG