رسائی کے لنکس

ساؤتھ افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں بھارت کو ایک رن سے سنسنی خیز کامیابی


ساؤتھ افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں بھارت کو ایک رن سے سنسنی خیز کامیابی
ساؤتھ افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں بھارت کو ایک رن سے سنسنی خیز کامیابی

آخری گیند میں ساؤتھ افریقہ کا آخری کھلاڑی آوٹ ہوگیا۔ بھارت کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی۔

جے پور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا اور آخری گیند تک بھی نتیجہ کے بارے میں تجسس برقراررہا۔ بھارت نے مہمان ٹیم کو ایک اننگ سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر سے سبقت حاصل کرلی۔ میچ کی آخری گیند پر ساؤتھ افریقہ کو جیت کے لئے 2 رنز کی ضرورت تھی لیکن دوسرا رن بنانے کی کوشش میں وین پارنیل رن آوٹ ہوگئے۔ اس طرح میچ بھارت کے حق میں ہوگیا۔

پارنیل جو کہ آخری کھلاڑی تھے اگر دوسرا رن لینے میں کامیاب ہوجاتے تو میچ برابری پر ختم ہوجاتا، لیکن وہ اس میں ناکام ہوگئے اور ساری ٹیم 297 کے سکور پرآوٹ ہوگئی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوے مقررہ 50 اورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے تھے۔ ایک مرحلہ پر 43 ویں اوور میں مہمان ٹیم8 وکٹوں کے نقصان پر225 رنز تھا اور اس کی شکست کے آثار نمایاں ہوچکے تھے لیکن نویں وکٹ کے لئے ڈیل سٹاین اور پارنیل نے جم کر مقابلہ لیا اور وکٹ پر ڈٹے رہے۔ دونوں نے 65 گیند وں میں 38 رنز بناکر ٹیم کے موقف کو مضبوط بنادیا۔ اور جنوبی افریقہ کی کامیابی کو قریب سمجھا جارہا تھا۔

ساؤتھ افریقہ کو آخری 12 گیندوں میں جیت کے لئے 26 رنوں کی ضرورت تھی۔ اور نویں وکٹ کے لئے دونوں کھلاڑیوں نے آشیش نہرا کے ایک اوور میں 16 رنز بنالئے جن میں دونوں کا ایک ایک چھکا شامل ہے۔ آخری 5 گیندوں میں کامیابی کے لئے 9 رنوں کی ضرورت تھی لیکن پروین کمار نے سٹاین کو بولڈ کردیا۔ ساوتھ افریقہ کی طرف سے پارنیل نے 47 گیندوں پر 49 رنز بنائے۔

مہمان ٹیم کے کپتان جیک کیلس نے آل راونڈ مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 89 رنوں کی شاندار باری کھیلی اور 7 اوورز میں بھارت کے 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔یس سریسانت نے کیلس کو آوٹ کرتے ہوئے انہیں 17 ویں ونڈے سنچری بنانے سے روک دیا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے تھے، جن میں سریش رائنا58 اور ویریندر سہواگ کے 46 رنز شامل ہیں۔

اس میچ کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں بھارت کے 4 اہم کھلاڑی موجود نہیں تھے ۔ظہیر خاں،گوتم گمبھیر اور یوراج سنگھ زخمی ہونے کے سبب نہیں کھیل سکے جب کہ ہربھجن سنگھ کی بہن کی شادی کے لئے انہیں دو میچز کی چھٹی دی گئی ہے۔ دوسرا ون ڈے بدھ کے دن گوالیار اور تیسرا میچ ہفتے کو احمدآباد میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG