رسائی کے لنکس

گواسکر کو کرکٹ بورڈ کا سربراہ بنایا جائے، بھارتی عدالت کی تجویز


سنیل گواسکر ( فائل فوٹو )
سنیل گواسکر ( فائل فوٹو )

سپریم کورٹ نے یہ بھی تجویز دی کہ چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کو انڈین پریمیئر لیگ کے آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کو بھی معطل کیا جائے۔

بھارت کی سپریم کورٹ نے تجویز پیش کی ہے کہ مقامی ٹی ٹوئنٹی "آئی پی ایل" میں مبینہ سٹے بازی کی تحقیقات مکمل ہونے تک سابق کرکٹر سنیل گواسکر کو این سری نواسن کی جگہ کرکٹ بورڈ کا سربراہ تعینات کر دیا جائے۔

منگل کو عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے سری نواسن کو بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا کے سربراہی سے علیحدہ ہونے کا کہا تھا تاکہ ان کے داماد کے خلاف سٹے بازی کے الزامات کی تحقیقات شفاف انداز میں ہو سکیں۔

جمعرات کو نئی دہلی میں ہونے والی سماعت میں جسٹس اے کے پٹنائیک کا کہنا تھا کہ " سری نواسن کی جگہ ہم تجویز کرتے ہیں کہ سنیل گواسکر جیسے ایک تجربہ کار کھلاڑی کو مقرر کیا جائے۔"

سری نواسن کے وکیل ادتیہ ورما نے جمعرات کو بتایا کہ عدالت بورڈ کی طرف سے ملنے والے جواب کے بعد جمعہ کو ان کے موکل کے بارے میں فیصلہ سنا سکتی ہے۔

ان کے بقول سپریم کورٹ نے یہ بھی تجویز دی کہ چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کو انڈین پریمیئر لیگ کے آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کو بھی معطل کیا جائے۔

سری نواسن کے داماد گوروناتھ میاپن پر گزشتہ سال آئی پی ایل کے دوران غیر قانونی طور پر سٹے بازی کے الزام میں فروری میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

میاپن کے بارے میں بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وہ چنائی سپر کنگز کے انتظامی سربراہ تھے جب کہ اس ٹیم کی مالک کمپنی " انڈیا سیمنٹ کمپنی" کے مطابق وہ صرف ٹیم انتظامیہ کے ایک رکن ہیں۔
XS
SM
MD
LG