رسائی کے لنکس

بھارتیوں کی اکثریت ملکی معیشت سے غیر مطمئن


ایک نئی سروے رپورٹ کے مطابق بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد سست شرحِ نمو اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں ملکی معاملات سے مطمئن نہیں۔

ایک نئی سروے رپورٹ کے مطابق بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد سست شرحِ نمو اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں ملکی معاملات سے مطمئن نہیں۔

امریکی ادارے 'پیو ریسرچ سینٹر' کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے نتائج کے مطا بق صرف 38 فی صد بھارتی شہری ملک کی سمت سے مطمئن ہیں جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد 51 فی صد تھی۔

ادارے کے مطابق بھارتی شہریوں کا ملکی معاملات کے بارے میں بڑھتے ہوئے عدم اعتماد کا ایک بڑا سبب ملک کی معاشی صورتِ حال کے بارے میں پائی جانے والی پریشانی ہے۔ سروے میں حصہ لینے والے ہر 10 میں سے آٹھ بھارتیوں نے بے روزگاری اور مہنگائی کو بہت بڑے مسائل قرار دیا۔

سروے کے نتائج کے مطابق 49 فی صد افراد کی رائے تھی کہ بھارتی معیشت کی صورتِ حال خوش کن ہے تاہم معاشی صورتِ حال پر اطمینان ظاہر کرنے والوں کی اس تعداد میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں سات فی صد کمی آئی ہے۔

یاد رہے کہ 2012ء کی پہلی سہ ماہی میں بھارت کی شرحِ نمو کم ہو کر 3ء5 فی صد تک آگئی تھی جو گزشتہ نو برسوں کی کم ترین سطح ہے۔

'پیو' کے سروے کے مطابق شہروں میں رہنے والے بھارتی باشندوں کی اکثریت، لگ بھگ 58 فی صد، امریکہ کے بارے میں مثبت رائے رکھتی ہے۔

شہروں میں رہنے والے ہر 10 میں سے سات بھارتیوں کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کی صدارتی انتخابی مہم پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ صدر براک اوباما دوبارہ امریکہ کے صدر منتخب ہوجائیں۔
XS
SM
MD
LG